قوم کے لیے انتہائی افسوسناک خبر حکومت نے پی ٹی وی بندکرنیکااشارہ دیدیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)حکومت نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں پی ٹی وی کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چینل بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط میں گزشتہ چند ماہ میں پی ٹی وی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور مالی حالات کو بہتر بنانے میں ناکامی پر

ناراضی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ پی ٹی وی کا خسارہ بڑھ رہا ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے خسارے میں کمی لانے کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی تیار نہیں کی گئی۔وفاقی وزیر نے اپنے خط میں کہا کہ پی ٹی وی کو پہلے بھی کئی مرتبہ ہدایات جاری کی گئیں لیکن اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے خسارے سے نمٹنے کے لیے کسی قسم کا بزنس پلان پیش نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اگر معاملات اسی طریقے سے چلتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب سرکاری ٹی وی چینل کو بند کرنا پڑے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی بولی جیتنے میں ناکام رہا ہے اور ایک دہائی میں یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ سرکاری چینل پاکستان جنوبی افریقہ کی کرکٹ سیریز نشر کرنے میں ناکام رہا۔فواد چوہدری نے اپنے خط میں مزید کہا کہ پی ٹی وی کے سیکڑوں ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ پینشن کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انہوں نے کئی مرتبہ عوامی سطح پر احتجاج ریکارڈ کروایا ہے، تاہم پی ٹی وی انتظامیہ نے مشکلات کے حل کے لیے کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا۔

فواد چوہدری نے اپنے خط میں پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ارشد خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ میں اعلیٰ عہدوں پر آپ سمیت کچھ افسران کو پرکشش تنخواہوں پر بھرتی کیا گیا جس کی وجہ سے کم تنخواہ لینے والے ملازمین اور پنشنرز میں خفگی کا عنصر پایا جاتا ہے۔وزیر اطلاعات نے اپنے خط میں کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر انتظامیہ کو تاکید کرتا ہوں کہ وہ اپنے وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ایک جامع بزنس پلان تیار کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں