ڈی جی خان (نیوزڈیسک) قدرت کا کرشمہ، شدید گرمی کیلئے مشہور جنوبی پنجاب کا ایک ایسا شہر جہاں شدید برفباری جاری، ڈی جی خان کے پہاڑی علاقے فورٹ منرو میں گزشتہ روز سے برفباری جاری، ہر چیز نے برف کی چادر اوڑھ لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب عمومی طور پر 2 حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ صوبے کا جنوبی
حصہ جسے جنوبی پنجاب بھی کہا جاتا ہے، شدید گرم موسم کیلئے مشہور ہے۔ جنوبی پنجاب کے تمام ہی شہر گرم موسم کیلئے مشہور ہیں۔ تاہم جنوبی پنجاب میں ہی ایک ایسا علاقہ بھی ہے جہاں گزشتہ روز سے برفباری جاری ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہر ڈی جی خان کے پہاڑی علاقے فورٹ منرو میں گزشتہ روز سے شدید برفباری جاری ہے۔ برفباری کے باعث فورٹ منرو میں ہر چیز نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔ جبکہ فورٹ منرو میں برفباری کا یہ سلسلہ مزید کئی روز تک جاری رہنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ فورٹ منرو سے متعلق ملک، حتیٰ کے جنوبی پنجاب کے لوگ بھی انجان ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ توجہ دینے پر فورٹ منرو ملک کے جنوبی حصے کیلئے سیاحت کا سب سے بڑا مرکز بن سکتا ہے۔ جو حیثیت شمالی علاقہ جات میں مری کو حاصل ہے، وہی حیثیت ملک کے جنوبی علاقے میں فورٹ منرو کو بھی حاصل ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بھی خاصی دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ وزیراعلی نے پنجاب کے محکمہ سیاحت کو ہدایت کی ہے کہ فورٹ منرو کے علاقے میں ترقیاتی کاموں اور اس علاقے کی تشہیر کیلئے جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔ کہا
جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے توجہ دینے پر فورٹ منرو ناصرف سیاحت کا مرکز بن سکتا ہے، بلکہ پاکستان کیلئے سرمائے کی پیداوار میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔