لاہور(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بلاول نے میرے متعلق زبان استعمال کرکے اپنی بربادی لکھ دی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق شیخ رشید اور بلاول بھٹو کی ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری ہے، گزشتہ روز شیخ رشید نے بلاول کو سیاسی نابالغ قرار دیتے ہوئے آصف زرداری پر بھی طنز کے تیر چلائے تھے اور کہا تھا
کہ آصف زرداری نے فالودے والے اور مُردوں کے نام پر اکاؤنٹ بنائے اور وہ کرپشن میں دنیا کے سب سے بڑے مالیاتی گٹر ہیں۔شیخ رشید کے بیان سے ایک روز قبل بلاول بھٹو زرداری نے شیخ رشید کو پنڈی کا گٹر قرار دیتے ہوئے نازبیا الفاظ استعمال کیے تھے اور سوال پوچھنے والے صحافی سے کہا کہ آپ مجھ سے پنڈی کے گٹر کے بارے میں پوچھیں مگر اس انسان کے بارے میں نہ پوچھیں۔آج ایک بار پھر لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری کو پیار سے بلو رانی کہتا تھا لیکن انہوں نے میرے متعلق زبان استعمال کرکے اپنی بربادی لکھ دی ہے، وہ مجھ سے معافی مانگیں۔شیخ رشید نے کہا کہ بلاول زرداری بھی اپنے والد آصف زرداری کے نقشِ قدم پر چل پڑے ہیں، اور آصف زرداری کرپشن کا سب سے بڑا گٹر ہیں، لوگ گیس اور بجلی کا بل برداشت کرلیں گے لیکن چوروں اور ڈاکوؤں کو برداشت نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان جلد ہی نواز شریف کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے، پہلے بھی شہباز شریف نے نواز شریف کو نجات دلائی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہونے دوں گا اور اگر نواز شریف بیرون ملک چلے
گئے تو اسے ڈیل سمجھا جائے گا۔