ممبئی (ویب ڈیسک )بھارتی اداکارہ و گلوکارہ سارہ علی خان نے نئے گانے کی جلد ریلیز کے اعلان کے لیے سوشل میڈیا پر پر اپنی ایک سیلفی کا سہارا لیا تاہم انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔سارہ خان نے گزشتہ سال نومبر میں اپنا پہلا گانا ریلیز کیا تھا، جس کے ساتھ انہوں نے اپنے کیریئر کو گلوکاری کی جانب بھی موڑ لیا، جبکہ اب انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد اپنا
دوسرا گانا ریلیز کرنے جارہی ہیں۔سارہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک سیلفی کے ساتھ نئے گانے کی جلد ریلیز کا اعلان کیا۔اداکارہ نے کہا کہ جیسے اس وقت شادی کا سیزن چل رہا ہے، تو وہ اپنے مقبول ڈرامے ’سپنا بابل کا بدائی‘ کے گانے کو الگ انداز میں ریلیز کرنے جارہی ہیں۔اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ امید ہے لوگوں کو ان کا یہ گانا پسند آئے گا۔تاہم صارفین نے ان کے گانے پر دیہان دینے کے بجائے ان کے چہرے پر ہوئی تبدیلی پر زیادہ فوکس کیا، جس کے بعد اداکارہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔سارہ کی اس تصویر کو دیکھ کر کئی افراد کا ایسا ماننا تھا کہ اداکارہ نے اپنے ہونٹوں کی سرجری کروائی ہے جس کا نتیجہ غلط ثابت ہوا ہے۔اس حوالے سے ہندوستان ٹائمز کو دیے ایک انٹرویو میں سارہ خان کا کہنا تھا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ لوگوں کو مسئلہ کیا ہے، میں نے انسٹاگرام پر اسٹوری کے ذریعے اپنی سرجری کی ویڈیو پوسٹ کی، میں نے خود کھل کر سب کو بتایا کہ میں نے سرجری کروائی ہے، اس عمل کے دوران مجھے بےہوش نہیں کیا گیا، یہ صرف ایک انجیکشن کا کمال ہے‘۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر آپ کے پاس کچھ نہیں ہے اور وہ
آپ کو ہر صورت چاہیے، تو اسے حاصل کرنے میں کوئی برائی نہیں، مجھے اپنی پوری باڈی پسند ہے، صرف اپنے ہونٹ پسند نہیں تھے، میں چاہتی تھی میرے ہونٹ بھرے ہوئے نظر آئیں، اس لیے انہیں تبدیل کرلیا۔شائقین کے سرجری کے نتیجے کو خراب کہنے پر سارہ نے کہا کہ ’میں اس سرجری کے نتیجے سے بےحد خوش ہوں، یقین کریں کچھ بھی غلط نہیں ہوا‘۔صارفین کے مذاق اڑانے پر سارہ کا کہنا تھا کہ ’مذاق اڑانے والوں کو میں توجہ دینا نہیں چاہتی، وہ مجھے کھلا نہیں رہے، وہ ہیں کون جو میرے لیے فیصلہ کریں، میں جب بھی سوشل میڈیا پر کچھ بھی پوسٹ کرتی ہوں تو ایسے کمنٹس سامنے آتے ہیں‘۔اپنے آنے والے گانے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’یہ میرا نیا گانا ہے، جو دلہنوں کے لیے بنایا گیا، اسے پاکستانی کمپوزر الطاف سعید نے تیار کیا، ہم نے اس کی بہترین ویڈیو بھی تیار کی ہے‘۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ جلد ایک بولی وڈ فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی۔یاد رہے کہ سارہ خان کا پہلا گانا ’بلیک ہارٹ‘ گزشتہ سال نومبر میں سامنے آیا تھا، اس گانے میں انہوں نے خود ہی اداکاری بھی کی، جبکہ ان کے بولڈ انداز کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس گانے میں اداکارہ کافی بولڈ ملبوسات میں نظر آئیں، جبکہ ایک سین میں اداکارہ کے جسم کا ایک حصہ تقریباً لباس کے بغیر نظر آیا۔اس گانے پر ہوئی تنقید پر سارہ کا کہنا تھا کہ ’لڑکوں کو کیوں نہیں کہا جاتا کہ انہیں آنکھوں کا پردہ کرنا چاہیے؟‘سارہ نے مزید کہا تھا کہ ’میری صرف ایک ہی شکایت ہے ان لوگوں سے جو خواتین پر انگلی اٹھاتے ہیں، میں ان سے
یہی کہنا چاہتی ہوں کہ وہ اپنی آنکھوں پر شرم کریں کہ وہ یہ سب دیکھ ہی کیوں رہے ہیں؟ ایسے لوگوں کو پردہ کرنا چاہیے، ہم کیوں کریں؟‘۔خیال رہے کہ سارہ خان نے صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ پاکستان کے بھی کئی پروجیکٹس میں کام کیا ہے۔سارہ پاکستانی ڈرامے ’بےخودی‘ اور ’لیکن‘ میں کام کرچکی ہیں۔