ہانگ کانگ سے تعلق رکھنےو الے ایک کروڑ پتی نوجوان کو لوگوں میں انتشار پھیلانے پر گرفتار کرلیا ہے۔ اس نوجوان نے ایک عمارت کی چھت پر کھڑے ہوئے کر نیچے لاکھوں روپے کے نوٹ برسائے تھے۔ چینل نیوز ایشیا کے مطابق 24 سالہ وونگ چنگ-کت اتوار کی سہ پہر کو شام شوئی پو کے مضافات میں اپنی لمبورگینی سپورٹس کار میں بیٹھ کر آئے۔وونگ
کےہاتھوں میں نوٹوں کے بنڈل تھے۔ رپورٹس کے مطابق مسٹر وونگ نے یہ دولت کرپٹو کرنسی بٹ کوائن میں کمائی ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں انہیں عمارت پر کھڑے ہوکر نیچے نوٹ برساتے دکھایا گیاہے۔ ویڈیو میں درجنوں لوگوں کونوٹ پکڑنے کی جدوجہد کرتے دکھایا گیا ہے۔ ڈیلی میل کے مطابق مسٹر وونگ نے اس تماشے میں 2 لاکھ ہانگ کانگ ڈالر یا تقریباً 36 لاکھ پاکستانی روپے لٹائے۔ اس کےبعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ مسٹر وونگ نے اپنی گرفتاری کو بھی فیس بک پیج پر لائیو سٹریم کیا۔ اسی پیج پر انہوں نے نوٹوں کی برسات کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ مسٹر وونگ نے بتایا کہ وہ امیروں سے پیسےلےکر غریبوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔تاہم ایشیا کرپٹو ٹوڈے کےمطابق مسٹر وونگ کی سخاوت کے پیچھے یہ وجہ نہیں ہے۔ ہانگ کانگ میں کرپٹو کے اندرونی حلقوں میں مسٹر وونگ کو فراڈیا اور عیار سمجھا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوٹوں کی برسات مسٹر وونگ کے ایف سی سی (FileCash Coin) پروجیکٹ کے لیے ایک پبلیسٹی سٹنٹ تھا۔