اسلام آباد (ویب ڈیسک) ڈالر کی قیمت میں ایک ہی روز میں بے تحاشہ اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باوجود وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔آج (جمعہ کو) علی الصبح ڈالر کی قیمت میں 8 روپے تک کا اضافہ ہوا جس کے باعث یہ امکان پیدا ہوگیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ
یقینی ہوگیا ہے۔ دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے تک اضافے کی سمری حکومت کو ارسال کردی گئی ہے۔ اوگرا کی سمری پر وزیراعظم وزارت خزانہ سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بجائے کمی کرنے کی نوید سنائی ہے ۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق اسد عمر کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں بلکہ کمی کی جائے گی۔