اگر کسی شخص کے پاس کھانے کے پیسے نہیں تو۔۔۔ لاہور کے ریسٹورنٹ میں بورڈ لگادیا گیا، پیسے نہ ہوں تو کیا کیا جاتا ہے؟ جان کر ہر پاکستانی عش عش کر اُٹھے گا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )مادیت پرستی کے اس دور میں کسے ہوش ہے کہ کسی بے کس اور مجبور کی مدد کے بارے میں سوچے۔ جسے دیکھو اپنے پیٹ کی فکر میں مگن نظر آتا ہے، لیکن اسے غرباءو مساکین کے لئے قدرت کا تحفہ کہئیے کہ خود غرضی کے اس دور میں بھی لاہور کے ’میٹ ایکس‘ ریسٹورنٹ جیسی خوبصورت مثالیں موجود ہیں، جہاں کھانا کھانے کے لئے ضروری نہیں کہ جیب میں رقم بھی ہو۔ خالی جیب والے بھی یہاں مالداروں کی طرح باعزت طریقے سے بیٹھ کر لذیذ کھانے سے سیرہوتے ہیں اور کوئی ان سے بل کا تقاضہ نہیں کرتا۔ مختصراً کہیں تو یہ ریسٹورنٹ نیکی اور انسان دوستی کی ایک حیرتناک مثال ہے۔

ویب سائٹ مینگو باز کے مطابق اس ریسٹورنٹ میں نمایاں جگہ پر لگے ایک بورڈ پر یہ الفاظ تحریر ہیں، ”اگر کسی شخص کے پاس پیسے نہیں ہیں تو ہمارا اللہ تعالیٰ کے ساتھ کھاتہ چلتا ہے، وہ اللہ تعالیٰ کے کھاتے میں سے کھانا کھا سکتا ہے۔“ یہ ریسٹورنٹ گزشتہ دو سال سے ضرورت مند لوگوں کو مفت کھانے کی سہولت مہیا کررہا ہے۔ ریسٹورنٹ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ صرف اضافی کھانا ہی ضرورت مندوں میں تقسیم نہیں کرتے بلکہ رقم ادا کرکے کھانا کھانے والوں کی طرح کوئی بھی ضرورت مند شخص بغیر ایک روپیہ بھی دئیے یہاں سے کسی بھی وقت کھانا کھاسکتا ہے۔

اس ریسٹورنٹ سے ذہنی مریضوں کی علاج گاہ فاﺅنٹین ہاﺅس کے لئے بھی مفت کھانا جاتا ہے۔ فاﺅنٹین ہاﺅس کے مریض صرف مفت کھانے کی سہولت سے ہی لطف اندوز نہیں ہوتے بلکہ ریسٹورنٹ انہیں کھانا بنانے اور باربی کیو کی سرگرمیوں میں بھی شامل کرتا ہے تاکہ ان کی دلجوئی ہو جائے۔

ریسٹورنٹ کی انتظامیہ اس نیک کام کو صرف جاری ہی نہیں رکھنا چاہتی بلکہ اسے وسعت دینے کے لئے بھی پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں