اگر آپ چاہتے ہیں کہ میکڈونلڈز سے آپ کو ہمیشہ اعلیٰ ترین کوالٹی کا تازہ ترین کھانا اور بہترین سروس ملے تو بس ایک چھوٹا سا کام کیجئے کہ جاتے ہی سٹاف سے یہ کہہ دیجئے کہ آپ کو بل کی رسید ضرور دیں۔ بس یہ کام کریں اور پھر دیکھیں کہ سٹاف کا رویہ آپ کے ساتھ کیسے تبدیل ہوتا ہے۔
دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق میکڈونلڈز کے کسی بھی ریسٹورنٹ سے بہترین، تازہ ترین کھانا اور اچھی سروس حاصل کرنے کیلئے یہ گُر میکڈونلڈز کی لندن میں واقع ایک برانچ میں کام کرنے والے نوجوان آدم نے بتایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمپنی عام طور پر دن 12 سے 2 بجے اور پھر 5 سے 7 بجے کے دوران مختلف برانچوں پر جاسوس خریداروں کو بھیجتی ہے جن کا مقصد کوالٹی آف سروس کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ کمپنی کو پیش کرنا ہوتا ہے۔ میکڈونلڈز کے ملازمین جانتے ہیں کہ جب بھی یہ جاسوس گاہک خریداری کے لئے آتے ہیں تو انہیں رسید ضرور درکار ہوتی ہے کیونکہ وہ یہ رسید کمپنی کو جمع کروا کے اپنی فیس وصول کرتے ہیں۔
تو اگر میکڈونلڈز کی کسی بھی برانچ پر آپ اپنی خریداری کی تفصیلی رسید طلب کریں گے تو سٹاف ضرور یہ سمجھے گا کہ آپ عام گاہک کی بجائے جاسوس گاہک ہوسکتے ہیں جو کوالٹی آف سروس کے بارے میں کمپنی کو اپنی رپورٹ دے گا۔ ہر برانچ کے منیجر کو اس بات کی بہت زیادہ فکر ہوتی ہے کہ اس کی برانچ پر آنے والے جاسوس گاہک مثبت رپورٹ کمپنی کو بھیجیں، لہٰذا انہوں نے سٹاف کو ہدایت کررکھی ہوتی ہے کہ اگر کوئی گاہک رسید کی بات کرے تو اس کو بہترین سروس فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔