نیویارک(ویب ڈیسک ) ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلر رومن رینز نے 22 اکتوبر 2018 کو منڈے نائٹ را کے دوران خون کے سرطان میں مبتلا ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل چیمپئن شپ چھوڑ دی تھی۔تفصیلات کے مطابق رومن رینز اس مرض کا شکار ماضی میں بھی رہ چکے تھے مگر اکتوبر میں اکثر مداحوں کو پہلی بار اس
بات کا علم ہوا کہ یہ مقبول ریسلر اس موذی مرض کا شکار رہ چکے ہیں اور اب وہ پھر لوٹ آیا ہے۔رومن رینز کی اس بیماری کے خلاف جنگ کے حوالے سے اپ ڈیٹس تو منظرعام پر نہیں آرہیں اور نہ ہی علاج کے بارے میں تفصیلات موجود ہیں، مگر ان کی ایک تصویر ضرور آن لائن سامنے آئی ہے۔گزشتہ ماہ اگرچہ رومن رینز ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک ایونٹ میں شریک ہوئے تھے جبکہ وہ فروری میں بھی ایک نمائش کا حصہ بنیں گے، مگر ان کی بیماری کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی جارہیں کہ علاج میں اب تک کیا پیشرفت ہوچکی ہے۔حال ہی میں ریسلر کرس جیریکو نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ اکثر رومن رینز سے رابطے میں رہتے ہیں اور ان کی حالت کافی اچھی ہے۔ایک امریکی اینکر سوزن برنر نے ٹوئٹر پر رومن رینز کی تصویر پوسٹ کی۔اس تصویر کے مطابق رومن رینز ریاست ہوائی کے ایک ہوٹل میں موجود ہیں اور تصویر میں کافی خوش اور صحت مند نظر آرہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وہ ورک آؤٹ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔اس موقع کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر ہوئی اور کافی عرصے بعد یہ پہلا موقع تھا جب مداحوں کو اپنے پسندیدہ ریسلر کی نئی جھلک
دیکھنے کا موقع ملا۔رومن رینز اس وقت اپنے کینسر کا علاج کرانے میں مصروف ہیں اور ریسلنگ میں ان کی واپسی کے بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہے۔تاہم وہ خود کہہ چکے ہیں کہ وہ بہت جلد واپس آئیں گے اور اپنی چیمپئن شپ بیلٹ ایک بار پھر اپنے نام کریں گے۔