سنچورین ٹیسٹ:جنوبی افریقہ 223رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی

سنچورین(نیوزڈیسک) سنچورین ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ کے پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 223رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے اور اسے پاکستان پر 42رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے ۔ ٹیسٹ کے دوسرے روز باووما اور ڈیل سٹین نے اننگز شروع کی اور ڈیل سٹین23رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بن گئے ، باووما نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی12ویں

نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ53رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے ، حسن علی نے 4رنز بنانے والے کیشو مہاراج کو ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا ،کگیسو ربادااور ڈی کوک نے نوویں وکٹ کے لیے31رنز جوڑے جس کے بعد ربادا19رنز بنا کر شاہین آفریدی کا چوتھا شکا ر بنے ، عامر نے 45رنز بنانیوالے ڈی کوک کو آﺅٹ کرکے پروٹیز ٹیم کی باری 223رنز پر سمیٹ دی ، پاکستان کے لیے عامر اور شاہین آفریدی نے 4،4اور حسن علی نے 2وکٹیں لیں ۔ اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔میچ کے دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر ہی امام الحق ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوکر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے، انہیں کگیسو رابادا نے آﺅٹ کیا،امام الحق نے قومی ٹیم کا ایک ریویو بھی ضائع کیا ۔ فخر زمان بھی 17 کے مجموعی سکور پر 12 رنز بنا کر ڈیل سٹین کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔ شان مسعود کو 19رنز پر ڈین اولیور نے بولڈ کیا جبکہ اسد شفیق7رنز بنا کر اولیور کی بال پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے ، اظہر علی اور بابر اعظم نے کچھ دیر مزاحمت کی جس کے بعد اظہر علی36رنز

بنا کر اولیور کا تیسرا شکار بن گئے، اسی اوور میں کپتان سرفراز احمد بھی صفر کی خفت سے دوچار ہوکر پوویلین لوٹے، عامر ایک رن بنا کر اولیور کی پانچویں وکٹ بنے جب کہ یاسر شاہ4رنز بنا کر ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے ، بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 10ویں نصف سنچری بھی مکمل کی اور حسن علی کےساتھ ملکر دسویں وکٹ کے لیے67کا اضافہ کیا جس کے بعد وہ71رنز بنا کر ربادا کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے،شاہین آفریدی آﺅٹ ہونیوالے آخری کھلاڑی تھے ، پروٹیز کے لیے اولیور نے 6، ربادا نے 3اور سٹین نے ایک وکٹ لی ۔ جنوبی افریقہ کیلئے ایڈن مرکرم اور ڈین ایلگر نے اننگز کا آغاز کیا ، حسن علی نے 19 رنز کے مجموعی سکور پر ایڈن مرکرم کو 12 رنز پر پویلین واپس بھیجاجس کے بعد ہاشم آملہ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن محمد عامر نے انہیں 8 رنز پر ہی آﺅٹ کردیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے ایلگر کو 22 رنز پر شکار کیا اور اگلی ہی گیند پر کپتان فاف ڈوپلیسی کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس بھیج دیا،ڈی برائن اور باووما نے پانچویں وکٹ کے لیے69رنز کا اضافہ کیا جسکے بعد ڈی برائن 29رنز بنا کر

محمد عامر کی دوسری وکٹ بنے ،باووما اور سٹین نے دن کے اختتام پر ٹیم کا سکور127رنز تک پہنچایا۔ قومی ٹیم میں زخمی حارث سہیل کی جگہ شان مسعود کو شامل کیا گیا ہے۔پاکستان ٹیم کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد عامر، حسن علی، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔پاکستان ٹیم ابتک جنوبی افریقہ کے خلاف اس کے ہوم گراﺅنڈز پر کوئی ٹیسٹ سیریز اپنے نام نہیں کرسکی ہے اور گزشتہ 11 سال کے دوران پاکستان نے پروٹیز سرزمین پر کوئی ٹیسٹ بھی نہیں جیتا ہے ۔ قومی ٹیم کے پاس جنوبی افریقہ کو شکست دینے اور ایک دہائی پرانی ناکامی کی روایت کو توڑنے کا سنہری موقع ہے، جنوبی افریقی ٹیم رواں سال مئی میں ریٹائر منٹ لینے والے اے بی ڈیویلیئرز کے بغیر میدان میں اتری ہے جبکہ اسکے پاس اہم فاسٹ باﺅلر ورنن فلینڈر اور لنگی نگیڈی بھی موجود نہیں ،فلینڈر انجری کے باعث آج کا میچ نہیں کھیل رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں