اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات بھی پاکستان میں آئل ریفائنری کی تعمیر کا خواہاں، پاکستان کو ایک ارب ڈالر امداد بھی دیئے جانے کا امکان، متعدد معاہدوں کو حتمی شکل دینے کیلئے اماراتی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے متحدہ عرب اماراتکا وفد جمعہ کے روز پاکستان پہنچ گیا ہے۔ذرائع کے
مطابق قوی امکان ہے کہ دوست خلیجی ملک کی جانب سے ایک ارب ڈالر امداد پاکستان کی دی جائے گی۔ حکومت نے دوست ممالک سے امداد کے حوالے سے رابطے تیز کردئیے ہیں۔ حکومتی کوششوں کے باعث سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات بھی پاکستان کو ایک ارب ڈالر تک امداد دی سکتا ہے۔ اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔وفد کی آمد کے بعد متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان مذاکرات ہفتے سے شروع ہوں گے۔ مذاکرات میں اماراتی وفد وزارت صنعت وتجارت اور وزارت خزانہ کے حکام سے ملاقاتیں بھی کریگا جس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور امداد کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا جائیگا۔ جکہ جمعہ کے روز متحدہ عرب امارات کے وفد نے وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کرنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کے علاوہ دیگر کئی اہم امور بھی زیر غور آئے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان میں آئن ریفائنری تعمیر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ تاہم ابھی واضح نہیں
کہ یہ ریفائنری کہاں تعمیر کی جائے گی۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خزانہ اسد عمر نے ملک میں مالی بحران پر قابو پانے کیلئے آئی ایم ایف پیکج حاصل کرنے کیساتھ ساتھ دوست ممالک سے رابطے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ دوست ممالک سے براہ راست امداد کے حوالے سے بات کی جائیگی۔اس سلسلے میں سعودی عرب نے پہلے ہی پاکستان کیلئے 6 ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیر اعظم کے دورہ چین میں بھی امداد ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔