لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے تحریک انصاف کے پی پی 13 سے رکن صوبائی اسمبلی امجد محمود چودھری نے ملاقات کی۔ امجد محمود چودھری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو وزیر اعظم و چیف جسٹس ڈیم فنڈ میں 25 لاکھ روپے کا چیک دیا اور ایم پی اے کی تنخواہ بھی ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔ امجد محمود چودھری نے کہا کہ
جب تک میں رکن پنجاب اسمبلی ہوں تب تک میری ہر ماہ کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امجد محمود چودھری کا ڈیم فنڈ میں رقم دینا ایک مستحسن اقدام ہے ۔ پانی کو محفوظ کرنے کیلئے ڈیم بنانا وقت کا تقاضا ہے۔ وزیر اعظم اور چیف جسٹس کی ڈیم فنڈ ریزنگ مہم اب ایک تحریک بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم پاکستان کی بقا کیلئے ضروری ہے ، لہٰذا سب کو ڈیم فنڈ میں بھرپور حصہ ڈالنا چاہیئے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج اسمبلی چیمبر میں ا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور گڈ گورننس کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بنیادی سہولتوں میں اضافہ کیا جارہاہے جبکہ منفی سیاست کرنے والوں کوعوام ووٹ کی طاقت سے عام انتخابات میں مسترد کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گزر چکا ہے اوراب صرف کام ،کام اور کام کی سیاست ہوگی۔ ماضی میں غلط ترجیحات کی وجہ سے
صوبے کے عوام کا بے پناہ نقصان کیا گیا اورسابق دور میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دی گئی جبکہ موجودہ حکومت نے آتے ہی عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے پروگرام پر کام کا آغاز کیاہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق دور میں صوبے کا حلیہ بگاڑا گیا اورصوبے کو دیوالیہ کرنے کا
کریڈٹ ماضی کی حکومت کو جاتا ہے- انہوں نے کہا کہ میرے دور کے مفاد عامہ کے منصوبوں کو ذاتی انا کی بھینٹ چڑھایا گیاجس کی وجہ سے فلاح عامہ کے ان منصوبوں میں تاخیر کا نقصان صوبے کے عام آدمی کو ہوا-انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ کی طاقت سے سابق حکمرانوں سے حساب لیا ہے- موجودہ دور عوام کا ا پنا دور ہے اوراب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہوگی۔ وزیراعلیٰ سے ان کے اسمبلی چیمبر میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اورخواتین اراکین اسمبلی نے بھی الگ الگ ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تبدیل ہو رہا ہے اورعمران خان جیسا لیڈر ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔ اراکین اسمبلی میری ٹیم ہیں،ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ فیصلے سب کی مشاورت سے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حالات بدلنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کریں گے جو دوسرے برسوں میں نہ کر پائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے–وزیراعظم عمران خان کا نیا پاکستان بنانے کا خواب ہر صورت پورا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ محنت،عزم اورجذبے سے نیا پاکستان بنائیں گے۔ نئے پاکستان میں عام آدمی سر اٹھا کر جیئے گا -عوام کو انصاف اور سہولتیں ان کی دہلیز پر مہیا کریں گے -نیا بلدیاتی نظام عوامی خدمت کو نئی جہت دے گا۔ اختیارات عوام کے حقیقی نمائندوں کو نچلی سطح پر منتقل کر کے بلدیاتی نظام کو نئے خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے- انہوں نے کہاکہ موجودہ نظام میں اختیارات کے عدم توازن نے بلدیاتی نظام کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔۔تحریک انصاف کی حکومت ایسا بلدیاتی نظام لا رہی ہے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔