اسلا م آ باد (نیوزڈیسک) آپ کی کمر کا نچلا حصہ وہ جگہ ہے جہاں ہڈیاں، جوڑ اور پٹھے جڑتے ہیں اور ایکساتھ کام کر کے آپ کے جسم کے اوپری حصے کو سہارا دیتے ہیں۔ جسم میں اہم کردار ادا کرنے کی وجہ سے چوٹ لگنے یا دیگر صورت میں سب سے زیادہ تکلیف بھی اسی حصے کو ہوتی ہے۔ دورِ حاضر کی تیز ترین زندگی ہمارے لئے بدتر طرزِ زندگی
مرتب کر رہی ہے جسکی وجہ سے عموماً لوگ کمر درد کی شکایت کرتے دِکھائی دیتے ہیں۔ کمر کے نچلے حصے میں تکلیف زیادہ تر دوران ورزش زخمی ہونے سے ہو سکتی ہے جیسے کہ آپ نے کوئی بھاری چیز اُٹھائی ہو یا پھر یہ عمر کا تقاضا بھی ہو سکتا ہے تاہم اگر آپ ایسی نوکری کرتے ہوں جس میں آپ کو چار سے پانچ گھنٹے غلط انداز میں بیٹھنا ہو تو آپ کمر کی اس تکلیف میں مبتلا ہونے کیلئے تیار رہیں۔ نئے سائنسی مطالعے نے نشاندہی کی ہے کہ بیٹھنا، نئی تمباکو نوشی ہے۔ اس درد کا علاج عموماً درد کی شدت پر منحصر ہوتا ہے اور زیادہ تر اس کا علاج اس کو لاحق ہونیوالے عوامل کو کم کر کے کیا جاتا ہے۔ اس کے علاج میں یوگا، ٹائی چی، بیک مساج، فزیوتھراپی وغیرہ شامل ہیں۔