لاہور(ویب ڈیسک)فلمی دنیا کے معتبر ترین ایوارڈز ‘آسکر، بافٹا، ایمی، گولڈن گلوب اور اسکرین گلڈ ایوارڈ جیتنے والی نامور ہولی وڈ اداکارہ سیلی فیلڈ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے سوتیلے والد نے بچپن میں ان کے ساتھ کئی سال تک مبینہ طور پر ریپ کیا۔خیال رہے کہ 71 سالہ سیلی فیلڈ کا شمار ہولی وڈ کی1970 سے 1990 کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔
انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز 1962 میں 18 سال کی عمر میں کیا، انہوں نے کم سے کم 45 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔سیلی فیلڈ نے فلموں کے علاوہ درجنوں ٹی وی ڈراموں میں بھی انتہائی اچھے کردار ادا کیے۔جاندار اداکاری کے باعث انہوں نے فلمی دنیا کے اعلیٰ ترین ایوارڈ ‘آسکر’ سمیت دیگر اعلیٰ فلمی ایوارڈ بھی حاصل کیے۔سیلی فیلڈ نے 2 آسکر جیتنے کے علاوہ گولڈن گلوب، اسکرین گلڈ اور بافٹا جیسے اعلیٰ فلمی ایوارڈ بھی جیتے۔سیلی فیلڈ نے 1968 میں اسٹیون کریگ سے شادی کی، جن سے ان کے 2 بچے بھی ہوئے، تاہم یہ شادی دیر تک نہ چل سکی اور1975 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔بعد ازاں اداکارہ کے تعلقات ساتھی اداکار برٹ ریانلڈس کے ساتھ رہے اور دونوں کے درمیان 1983 تک معاشقہ رہا، بعد ازاں اداکارہ نے 1984 میں ایلن گریسمین سے دوسری شادی کی۔اداکارہ کو دوسرے شوہر سے بھی ایک بچہ ہوا، تاہم ان کی دوسری شادی بھی زیادہ کامیاب نہ ہوسکی اور 1993 میں ان کی طلاق ہوگئی۔سیلی فیلڈ کا شمار نہ صرف کامیاب اداکاراؤں میں ہوتا ہے، بلکہ وہ خواتین کی خودمختاری، انسانی حقوق اور ہم جنس پرستوں کے لیے کام کرنے
والی سرگرم کارکن بھی ہیں۔یو ایس اے ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق سیلی فیلڈ کی زندگی پر حال ہی میں ایک کتاب شائع ہوئی، جس میں انہوں نے اپنے زندگی کے کئی اہم واقعات سے پردہ اٹھایا ہے۔رپورٹ کے مطابق ‘ان پیسز: سیلی فیلڈ’ کے نام شائع ہونے والے 416 صفحات پر مبنی کتاب میں اداکارہ نے ان حقائق سے بھی پردہ اٹھایا ہے، جن سے متعلق ان کے قریبی رشتہ دار بھی نہیں جانتے۔انہوں نے کتاب میں لکھتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کے سوتیلے والد اور معروف فلم ساز جوکو موہنی انہیں کئی سال تک ‘ریپ‘ کا نشانہ بناتے رہے۔اداکارہ نے اپنے بچپن کی تلخ یادیں لکھتے ہوئے بتایا کہ جب وہ محض 17 سال کی تھیں، تب ان کے سوتیلے والد نے خاموشی سے ان کا اسقاط حمل کروایا۔سیلی فیلڈ کے مطابق ان کے والد نے ان کا اسقاط حمل ان کے پہلے ٹی وی کمرشل سے ایک دن قبل کروایا۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کی والدہ کینسر کی مریضہ تھیں اور وہ اس وقت بہت خوفزدہ رہتی تھیں، اس لیے انہوں نے اس کا ذکر کسی اور سے نہیں کیا۔اداکارہ نے اپنی کتاب میں زندگی کے اور بھی کئی واقعات بیان کیے ہیں، انہوں نے اپنی شادیوں اور دیگر اداکاروں سے تعلقات سمیت فلمی
کیریئر پر بھی کھل کر بات کی ہے۔