صوبائی دارالحکومت میں مختلف مقامات پر مساج سنٹر کے نام پر بے حیائی کے اڈے سرعام چلنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ماڈل واداکارہ شین کی والدہ سلمیٰ رحمان زوجہ جاوید صادق اور والد جاوید صادق سمیت 8 افراد کے خلاف تھانہ گارڈن ٹاﺅن میں مقدمہ نمبر 890/17 درج کیا جس میں جسم فروشی کروانا اور اشتہاریوں کو پناہ دینے کی دفعات شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق گزشتہ روز پولیس کو اشتہاری ملزم ندیم ولد صغیر جو ڈکیتی، چوری سمیت دیگر وارداتوں کے مقدمات میں ملوث ہے، مخبر خاص کی جانب سے اطلاع ملی کہ اشتہاری ملزم ندیم عائشہ مساج سنٹر برکت مارکیٹ میں آیا ہوا ہے، جس پر کارروائی کی گئی تو موقع پر موجود سلمیٰ رحمان زوجہ جاوید صادق (عرف عائشہ) نے اشتہاری ملزم کو آواز دی کے بھاگ جاﺅ جس پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ اس موقع پر پولیس پارٹی کی جانب سے دریافت کیا گیا تو ملزمہ سلمیٰ رحمان زوجہ جاوید صادق جسم فروشی کا مکروہ دھندہ کررہی تھی جس پر 8افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق دوران تفتیش معلوم ہوا کہ سلمیٰ رحمان اداکارہ شین کی والدہ اور جاوید صادق اداکارہ کے والد ہیں۔ملزمہ نے بتایا کہ شوہر جاوید صادق کا اشتہاری ملزم ندیم کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں اور جاوید صادق اشتہاری ملزم کے ساتھ ہی فرار ہوگیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔