سعودی عرب میں 65 پاکستانی گرفتار

سعودی پولیس نے مملکت بھر میں غیر قانونی تارکین سے پاک وطن مہم کے تحت مشترکہ سکیورٹی کارروائی کرکے اقامہ و محنت قوانین اور سرحدی سلامتی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر اب تک 1821غیر ملکیوں کو گرفتار کرلیا۔ ان میں 65 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ یہ مہم 3ماہ تک جاری رہے گی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق مشترکہ آپریشن باحہ ، سکاکا، الجوف، مکہ مکرمہ ، طائف، حائل اور عسیر میں کیا گیا۔ایک روز قبل شروع کی گئی مہم میں اب تک باحہ میں 334، عسیر میں 1052، مکہ مکرمہ میں 273، طائف 187اور سکاکا سے 25غیر قانونی تارکین گرفتار کئے گئے۔ الجوف پولیس کے ترجمان یزید النومس نے بتایاکہ الجوف پولیس نے مشترکہ قومی سکیورٹی آپریشن شروع کردیا ہے۔ مکہ مکرمہ پولیس کے ڈائریکٹر بریگیڈئر فہد العصیمی نے اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی پکڑدھکڑ کیلئے مشترکہ سکیورٹی آپریشن شروع کردیا۔ العصیمی نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی تارکین سے پاک وطن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ایسے کسی بھی شخص کیساتھ کسی بھی طرح کا کوئی معاملہ نہ کریں جو اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو۔ مکہ مکرمہ میں 273غیر قانونی مرد و خواتین و بچے گرفتار کئے گئے۔ بعض تارکین کے قبضے سے شراب کی 47بوتلیں برآمد ہوئیں۔ 8 موٹر سائیکلیں بھی پکڑی گئیں۔گرفتارافرادمیں سے 65پاکستانی بھی شامل ہیں۔عسیر ریجن میں گرفتاریاں سب سے زیادہ ہوئیں۔ وہاں فوجداری کے مقدمات ، حقوق اور منشیات کے مسائل میں ملوث 1052غیر قانونی پکڑے گئے۔ ان کے قبضے سے نشہ آور گولیاں، 122شراب کی بوتلیں، 9ڈرم اور قات کی 1348گانٹھیں بھی برآمد ہوئیں۔

دریں اثناءسعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے واضح کیا ہے کہ اقامہ و محنت قوانین اور سرحدی سلامتی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے 140 مما لک کے 758570 غیر ملکیوں نے شاہی مہلت سے فائدہ اٹھایا۔ ان میں 20 فیصد پاکستانی ، 10 فیصد بھارتی، 12 فیصد مصری، 10 فیصد ایتھوپین، 8 فیصد مراکشی، 7 فیصد بنگلہ دیشی، 6 فیصد سوڈانی، 6 فیصد یمنی، 4 ، 4 فیصد ترکی و الجزائری، 2 ، 2 فیصد انڈونیشی، فلپائنی اور عراقی شامل تھے۔ ان میں سے 37 فیصد ہوائی اڈوں، بندر گاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے براہ راست وطن واپس ہوئے۔ بیشتر حج ، عمر، زیارت یا ٹرانزٹ ویزوں پر مملکت آئے تھے۔ وہ جمعرات کو ریاض سکیورٹی فورسز افسران کلب میں پریس کانفرنس کے دوران شاہی مہلت اور غیرقانونی قیام کے بابت سرکاری بیان اور صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ الترکی نے بتایا کہ غیرقانونی طور پر مقیم مصریوں کیلئے 6 ماہ کی مہلت ہنوز باقی ہے انہیں مہلت کے اندر خودبخود روانہ ہونا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں