)ورکنگ باؤنڈری کے چاروا اورہرپال سیکٹرپر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عالمی یوم امن کے موقع پر بھارت کی بربریت جاری ہے اور ورکنگ باؤنڈری پر جارحیت سے 6 پاکستانی شہید ہوگئے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے شہید ہونے والوں میں 4 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 26 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 15 خواتین اور 5 بچے بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی پر پاکستان رینجرزپنجاب نے مؤثر کارروائی کی۔نمائندہ جیونیوز کے مطابق بھارت کی جانب سے گولے بھی برسائے جارہے ہیں جس کے باعث لوگوں نےعلاقے سے نقل مکانی کرلی ہے اور گھروں کو تالے پڑے ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات نے ورکنگ باؤنڈری پر ہڑپال اور چارواہ سیکٹرکا دورہ کیا۔ڈی جی رینجرز پنجاب نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے خاندانوں سے ملاقات کی۔ جب کہ انہوں نے رینجرز کے جوانوں سے بھی ملاقات کرکے بھارتی اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دینے پر ان کے جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا جائے ۔
دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق صدر آصف زرداری اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھارتی فوج کی فائرنگ کی مذمت کی ہے۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی فائرنگ سے معصوم شہری شہید اور زخمی ہوئے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے شہدا کے ورثا سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھارتی فوج کی دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے۔
جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے علاقے سے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے کیمپس قائم کرنےکی ہدایت کردی جس کے بعد ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے ریلیف کیمپ قائم کردیئے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کیمپوں میں لوگوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی جاری رکھی جائے۔