ماں کی اچانک طبیعت خراب، 4 سالہ بچے نے ایسا کام کردیا کہ اپنی ماں کی زندگی بچالی، جان کر آپ بھی چھوٹے سے بچے کی عقلمندی کی داد دئیے بغیر نہ رہ پائیں گے

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک خاتون گھر کے کچن میں گر کر سر پر چوٹ لگوا بیٹھی اور بے ہوش ہو گئی۔ اس وقت گھر میں اس کا ایک 4سالہ بیٹا موجود تھا جو بمشکل بولنے کے قابل تھا لیکن اس ننھے فرشتے نے کچھ ایسا کیا کہ ماں کی جان بچا کر ہیرو بن گیا۔ برطانوی اخبار دی میٹرو کی رپورٹ کے مطابق ٹیلفرڈ کی رہائشی 33سالہ جیما کچن کے فرش پر بے ہوش پڑی تھی جب چار سالہ جیکب اونینز اندر داخل ہوا۔ اس نے ماں کو بے سدھ گرے ہوئے دیکھا تو اسے جگانے کی کوشش کی لیکن جب کوشش کامیاب نہ ہوئی تو اس نے فون اٹھایا اور 999پر کال کر دی۔ کال کی آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ اس نے توتلی آواز میں اہلکار کیلی مورگن کو بتایا کہ ’’ممی فرش پر ہے، ممی کو چوٹ لگی ہے، وہ بول نہیں رہی۔‘‘ اس کے بعد کیلی نے اس سے مختلف سوالات کیے جس کے اس نے ہاں یا نہیں میں جوابات دیئے۔ کیلی نے اسے کہا کہ جب تک ہم نہیں پہنچ جاتے اپنی ممی کو ہلاتے رہو اور جگانے کی کوشش کرتے رہو۔ ننھے جیکب نے ایسا ہی کیا۔


رپورٹ کے مطابق طبی عملہ کچھ ہی دیر میں ان کے گھر پہنچ گیا اور جیما کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔ جیما نے پولیس کو بتایا کہ ’’میں کچن میں گر گئی اور سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے بے ہوش ہو گئی تھی۔ جیکب میرا ننھا ہیرو ہے۔ جب مجھے معلوم ہوا کہ اس نے میری جان بچائی ہے تو مجھے اس پر بہت فخر محسوس ہوا۔ اسے بولنے میں کچھ مسائل کا سامنا ہے اس لیے وہ بڑی مشکل سے بولتا ہے۔ وہ واضح طور پر صرف چند لفظ ہی بول سکتا ہے لیکن اس نے کمال ہمت کا مظاہرہ کیا اور انتہائی مشکل جملے بول کر پولیس کو میرے بارے میں آگاہ کیا۔ کیلی مورگن کا کہنا تھا کہ ’’جیکب کو ہم نے جو بھی کہا اس نے انتہائی سرعت کے ساتھ من و عن وہی کچھ کیا۔ اسی کی وجہ سے ہم اس کی ممی کی مدد کرنے کے قابل ہوئے۔ جیما کو اپنے بیٹے پر فخر ہونا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں