چین کے ایک گاﺅں میں اچانک 60فٹ لمبا ایک ڈھانچہ نمودار ہو گیا جسے دیکھ کر پورے گاﺅں میں کھلبلی مچ گئی اور لوگ اس کے متعلق ایسا دعویٰ کر رہے ہیں کہ سن کر آپ بھی ششدر رہ جائیں گے۔
دی مرر کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ چین کے شمالی صوبے ہیبی (Hebei)کے گاﺅں ژینگ جیاکو میں پیش آیا ہے۔ گاﺅں والوں کا دعویٰ ہے کہ یہ ڈھانچہ ہوا میں اڑتا ہوا آیا اور زمین پر گر گیا۔ ان کے مطابق یہ ڈریگن کا ڈھانچہ ہے۔ ڈریگن ایک افسانوی جانور ہے جس کا دھڑ بہت لمبا ہوتا ہے اور اس کے منہ سے آگ نکلتی ہے۔
اس ڈھانچے کی منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس طویل ترین ڈھانچے کا سر اور تھوتھنی بھی موجود ہوتی ہے اور اس کے سر پر دو سینگ بھی ہوتے ہیں۔چینی سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ ڈھانچہ کسی فلم کی شوٹنگ کے لیے وہاں رکھا گیا ہے تاہم کسی بھی ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ تاحال مقامی انتظامیہ کی طرف سے بھی اس ڈھانچے کے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ ڈھانچے کی ویڈیو نے انٹرنیٹ پر بھی ہلچل مچا رکھی ہے جہاں اسے اب تک 1کروڑ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔