معروف صحافی اور کالم نگار رﺅف کلاسرا نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی 5 کروڑ روپے اس لئے دئیے گئے ہیں تاکہ انہیں عمران خان کے مقابل کھڑا کیا جائے اور پھر خیبرپختونخواہ میں استعمال کیا جا سکے۔ انہوں نے چیمپینز ٹرافی جیتنے کے بعد سرفراز احمد کیساتھ بھی ایسی کوشش کی تھی مگر وہ شریف آدمی ہے اور مصباح کے پیچھے بھی تھے مگر وہ بھی چپ چپ رہنے والا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رﺅف کلاسرا نے کہا کہ ”شاہد آفریدی کو پانچ کروڑ روپے دئیے گئے کہ جائیں اور تھر میں کام کریں لیکن چولستان کیلئے ان کے پاس پیسہ نہیں ہے۔ اسلام آباد سے تلہ گنگ کا رخ کریں اور میانوالی، بھکر، لیہ، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور جائیں اور دیکھیں کہ ایم ایم روڈ کی حالت کیا ہے۔ روزانہ لوگ مر رہے ہیں مگر اس سڑک کیلئے ان کے پاس پیسے نہیں ہیں، انہوں نے شاہد آفریدی کو پیسے دیدئیے ہیں اور شاہد آفریدی نے بھی پنجاب حکومت اور شہباز شریف کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔
شاہد آفریدی اگر تھوڑی مہربانی کریں اور مجھے عزت بخشیں تو میں انہیں لے کر جانا چاہتا ہوں کہ انہوں نے جس صوبے کی شان میں قلابے ملائیں ہیں، ذرا پنجاب کا دورہ تو کر لیں، لاہور کے علاوہ بھی بہت سارا پنجاب ہے۔ ایسا تو نہیں ہونا چاہئے کہ جو 5 کروڑ روپے آپ کی جیب میں ڈال دیں تو 12 کروڑ آبادی کو بھول جائیں کہ ان کے ساتھ حشر کیا ہوا ہے۔
لیہ ہسپتال پرویز الٰہی دور میں بن رہا تھا مگر شہباز شریف جوں ہی وزیراعلیٰ بنے تو لیہ ہسپتال کے تمام فنڈز منگوائے، ڈسٹرکٹ چیئرمین، ڈسٹرکٹ کونسل کے بجٹ منگوائے، ٹیوٹا سٹوڈنٹس کے ویلفیئر کا فنڈ بھی لاہور میں منگوا لیا، ملتان کے بھی اٹھا کر لے آئے اور لاہور میں لگا دیا۔شاہد آفریدی کو عمران خان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ انہیں عمران خان کے مقابل کھڑا کیا جائے اور کے پی کے میں استعمال کیا جا سکے، بیچارے سرفراز کیساتھ بھی ایسی ہی کوشش کی گئی تھی لیکن وہ شریف آدمی ہے، اچھا لڑکا ہے اچھا کھیلتا ہے مگر اس کی شخصیت ایسی نہیں کہ لوگ اس کے پیچھے لگ جائیں۔ مصباح کیساتھ بھی کوشش کی گئی مگر وہ بھی چپ چپ رہتا ہے اور اب آفریدی پر پانچ کروڑ روپے کے ذریعے سرمایہ کاری کی جا رہی ہے وہ بھی تھر کیلئے، چولستان میں جا کر حالت دیکھیں جو آپ کا اپنا صحرا ہے۔ “