انسان کیلئے ایمان سے بڑی متاع کیا ہوسکتی ہے لیکن صد افسوس کہ کچھ بدبخت لوگ چند ٹکوں کی خاطر اپنا ایمان بیچنے سے بھی نہیں ہچکچاہتے ۔ ایک ایسی ہی مثال شراب فروشی کے پرمٹ کے لئے خود کو غیر مسلم قرار دینے والے دو بھائی اشتیاق احمد اور عامر ملک ہیں، جن کے خلاف اسلام آباد کی ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔
ویب سائٹrabwah.net کی رپورٹ کے مطابق کسٹمز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان دونوں بھائیوں نے بھاری رقم ادا کر کے ایک معطل شدہ لائسنزخریدا۔ انہوں نے خود کو قادیانی ظاہر کر کے شراب فروشی کا پرمٹ حاصل کیا اور اس کے بعد ’سن ڈپلومیٹک ویئر ہاﺅس‘ کے نام سے ایک کمپنی قائم کی اور بیرون ملک سے مہنگی شراب درآمد کرنا شروع کر دی۔ الزامات میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزمان نے تقریباً 98 کروڑ روپے کا ٹیکس بھی ادا نہیں کیا۔ یہ ٹیکس بیرون ملک سے درآمد کی گئی مہنگی شراب پر واجب الادا تھا ۔
ملزمان کا مﺅقف ہے کہ وہ غیر مسلم ہونے کی وجہ سے شراب فروشی کاپرمٹ حاصل کرنے کاحق رکھتے تھے، تاہم کسٹمز ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ سرکاری ریکارڈ اور دیگر شواہد کے مطابق ملزمان مسلمان ہیں۔