مکہ المکرمہ۔ (نیوزڈیسک) مکہ المکرمہ میں رمضان کے آخری عشرے کے لئے فضائی نگرانی کے عمل کو بڑھا دیا گیا۔سعودی جنرل ایوی ایشن کمانڈ کے مطابق مکہ المکرمہ میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران فضائی نگرانی کی سطح بڑھاتے ہوئے مرکزی گذرگاہوں پر ٹریفک کی آمدورفت پر نظر رکھنے کے ساتھ تمام گورنمنٹ سیکٹرز کو
لاجسٹک سپورٹس مہیا کی جائے گی اور ایئر ریسکیو اور ایئر اویکیشن آپریشنز ہر وقت تیار رکھے جائیں گے۔ دریں اثناء جنرل پریذیڈنسی آف حرمین شریفین نے بتایا ہے کہ امسال معتمرین کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور انھوں نے معتمرین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ یہاں رمضان کا آخری عشرہ پوری جانفشانی اور مذہبی جوش وجذبے سے گذاریں کیونکہ یہ عشرہ جہنم سے نجات کا ہے،حضور پاک ﷺ رمضان کے آخری عشرے میں شب بیداری فرماتے تھے اور ہمیں ان کی سنت پر عمل کرنا چاہیئے۔انھوں نے کہا کہ معتمرین کی خدمت سعودی عرب کا اعزاز اور ہمارے لئے باعث فخرہے ۔