لاہور (نیوز ڈیسک ) بارشوں کا سلسلہ تھم گیا، محکمہ موسمیات کی نئی پیشن گوئی، اگلے ایک ماہ تک مزید بارش کا کوئی امکان نہیں، رواں برس ملک میں ریکارڈ بارشیں اور برفباری ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ ملک میں جاری بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ اب اگلے ایک ماہ تک ملک میں مزید بارش کا کوئی امکان
نہیں ہے۔اگلے ایک ماہ کے دوران ملک میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں شدید بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 49 ہو گئی ہے۔176افراد زخمی ہوئے جب کہ 117 گھر تباہ ہوئے۔پنجاب میں 15 جب کہ خبیرپختونخوا میں 14 افراد جاں بحق ہوئے۔بلوچستان میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے 52 مکانات تباہ ہوئے۔پنجاب میں موسلا دھار بارشوں اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کئی ہلاکتیں بھی ہوئیں۔ مکانات کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوئے، طوفانی بارش سے سڑکیں، گلیاں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔جب کہ ملک بھر میں بارشوں اور تیز ہواؤں نے جہاں گرمی کا زور توڑا وہیں یہ بارشیں گندم کی فصل کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئیں۔حالیہ آندھی اوربارش کی وجہ سے پنجاب میں گندم کی کھڑی فصل کو نقصان پہنچا ہے اور ایک لاکھ 50 ہزارٹن پیداوارمتاثر ہوئی ہے۔ربیع سیزن 2018-19ء کے دوران صوبہ میں 16.165 ملین ایکڑ رقبہ پر گندم کا شت کی گئی ہے جس کا پیداواری ہدف 19.5ملین ٹن مقرر کیا گیا تھا۔ جبکہ زراعت پنجاب کے حکام نے
کہا ہے کہ حالیہ موسمی تغیرات (آندھی اور بارش) کی وجہ سے گندم کی پیداوار میں ایک لاکھ ٹن تا ایک لاکھ ٹن کی کمی کا خدشہ ہے کیونکہ پنجاب بھر میں کہیں تیزہوائوں ‘ ژالہ باری اور بارش سے گندم کی تیار کھڑی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے رحیم یار خان ‘ راجن پور ‘ ڈیرہ غازی خان ‘ مظفر گڑھ‘ بہاولپور ‘ بہاولنگر ‘ ملتان ‘ خانیوال‘ وہاڑی ‘ فیصل آباد ‘جھنگ ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ ‘ چنیوٹ اور چکوال کے اضلاع زیادہ متاثر ہوئے ہیں حکام نے کہا کہ تیز ہوا اور بارش سے گندم کی پک کر تیار کھڑی فصل کو نقصان پہنچا ہے اور اگر کھیت میںپانی کھڑا ہو جائے تو اس سے پیداوار میں مزید کمی اور گندم کا معیار بھی متاثر ہوتا ہے۔