لاڑکانہ( (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ بلاول بھٹو کی قیادت میں وفاقی حکومت کے خلاف کراچی سے سکھر تک ٹرین مارچ کرے گی۔ پارٹی نے کراچی سے لاڑکانہ تک ٹرین چارٹر کروانے کے لیے درخواست محمکہ ریلوے کو دے دی ہے۔ پیپلز پارٹی نے پہلے ہی عندیہ دیا تھاکہ وہ وفاقی حکومت کے خلاف مارچ کریں گے۔ اب پارٹی نے
اعلان کیا ہے کہ یہ مارچ ٹرین پر کیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی ٹرین مارچ اپریل کے مہینے میں کرے گی جس میں بلاول بھٹو مختلف شہروں میں کارکنان سے ملتے ہوئے کراچی سے سکھر تک جائیں گے۔ ٹرین مارچ کراچی سے براستہ حیدرآباد،نواب شاہ، مہراب پور، خیر پور سکھر جائے گا۔ بلاول بھٹو زرداری ٹرین مارچ کی قیادت کرتے ہوئے 4اپریل کی صبح سکھر پہنچیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی سے سکھر تک ٹرین چارٹر کروانے کے لیے درخواست دے دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو مارچ کے دوران مختلف شہروں سے گزرتے ہوئے کارکنان سے خطاب بھی کریں گے۔ پی پی پی نے وفاقی حکومت سے کئی مطالبات کیے تھے جن کے پورا نہ کیے جانے پر مارچ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ آج کل آصف علی زرداری کے خلاف نیب میں ریفرنسز دائر ہیں اور کیس چل رہا ہے ، ساتھ ہی فریال تالپور پر بھی منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں، آصف علی زرداری کے کئی قریبی ساتھی گرفتار کیے جا چکے ہیں اور اب ان کے خلاف بھی گھیرا تنگ ہوتا جاراہا ہے اور اسٹیبلشمنٹ نے بھی انہیں بتا دیا ہے کہ عمران
خان اس احتساب کے پیچھے ہیں اس لیے اب پیپلز پارٹی سابق صدر آصف علی زرداری کو بچانے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہی ہے. حکومت کے خلاف یہ ٹرین مارچ بھی انہی کوششوں کا حصہ ہے۔