اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر اپنے ارد گرد کافی نظر رکھتے ہیں اور پاکستان میں ہونے والے اچھے کاموں کی تعریف بھی کرتے رہتے ہیں۔ جرمن سفیر مارٹن کوبلر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی کافی متحرک ہیں اور اکثر ہی انہیں حکومتی اقدامات کی تعریف کرتے اور ان پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔پاکستان میں
تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر پاکستان کے مختلف علاقوں میں گھومنے اور مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے بھی مشہور ہیں، گذشتہ روز جرمن سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد میں حکومت کی جانب سے قائم کردہ شیلٹر ہوم پہنچ گئے۔ انہوں نے اس بات کی اطلاع مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام کے ذریعے کی۔ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ میں اسلام آباد میں شیلٹر ہوم دیکھنے گیا۔اسٹاف کا کام قابل تعریف ہے، لیکن ایسے بہت سے لوگوں کو دیکھ کر دُکھ ہوا جو کھانا نہیں خرید سکتے۔ کچھ بے گھر لوگوں کے ساتھ آلو انڈہ کھایا اور ان کی ہلا دینے والی کہانیاں سنیں۔ کیسے ایک شخص 400 روپے کی روزانہ آمدن سے چھ سے آٹھ لوگوں کے خاندان کی کفالت کر سکتا ہے؟یاد رہے کہ حال ہی میں جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے پاکستان پوسٹ کی خدمات پر اعتماد کا اظہار کیا تھا، جرمن سفیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان پوسٹ کے حوالے سے تاثرات دئیے۔ جرمن سفیر مارٹن کوبلر کا کہنا تھا کہ میں خوش ہوں پاکستان پوسٹ سامان کی ترسیل کا بااعتماد ادارہ بن چکا ہے، پاکستان پوسٹ کے ذریعے برلن میں موجود اہل خانہ کو تحفہ بھیجا ۔ مارٹن
کوبلر نے ڈاک خانے پر عمدہ سہولتوں اور دوستانہ ملازمین پر مراد سعید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹ کی بہتری میں مراد سعید کا اہم کردار ہے۔