اسلام آباد(نیو زڈیسک) موسم پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ملک بھر میں کڑاکے کی سردی پڑنے لگی، پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج برقرار، لودھراں، اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال اور
بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کے کئی شہروں میں دھند نے ہر منظر دھندلائے رکھا۔ اہم شاہراہوں پر حد نگاہ انتہائی کم، ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ کوئٹہ اور اسکردو میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے شہری ٹھٹھرنے لگے۔ گلیات میں برف کا 40 فٹ چوڑا تودا کنڈلہ کے مقام پر گرنے سے مری سے نتھیا گلی جانے والی ٹریفک بند رہی۔ سب سے زیادہ سردی اسکردو اور زیارت میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 13 ڈگری تک جاپہنچا۔