کراچی کے علاقے کورنگی میں مشتبہ شخص کی جانب سے سرکاری رائفل چھیننے کے واقعے کے بعد پولیس کی فائرنگ سے راہگیر شخص اور اس کی حاملہ بیوی زخمی ہوگئی۔عوامی کالونی پولیس اور ہسپتال حکام کے مطابق 2 پولیس اہلکاروں نے 2 مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکا تھا۔مشتبہ افراد نے رک کر ایک پولیس اہلکار سے سرکاری رائفل
چھینی تاہم ملزمان نے پولیس کی فائرنگ پر رائفل کو قریب ہی پھینک دیا اور فرار ہوگئے۔ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے بتایا کہ 32 سالہ عدنان عارفین اور 28 سالہ ثاقبہ خان پولیس کی جانب سے مشتبہ افراد پر کی گئی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوئے۔زخمیوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمین جمالی کا کہنا تھا کہ زخمی خاتون حاملہ تھیں اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خاتون کے سینے اور کندھے پر گولی لگی جبکہ ان کے شوہر کے سر میں گولی لگی تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔دریں اثناء پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ انسپیکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے پولیس فائرنگ سے جوڑے کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیا اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کورنگی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔