جنوری 18سے 25 تک موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی نے کھلبلی مچادی

اسلام آباد(نیو زڈیسک)مغربی ہوا ؤ ں کا نیا سلسلہ زیادہ شدت کے ساتھ ملک کے بیشتر علاقوں کو کل 18 جنوری سے اپنی لپیٹ میں لے گا جو 25 جنوری تک ملک میں موجود رہے گا اور اسکے زیر اثر پاکستان کے طول و عرض میں وسیع پیمانے پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو گی،اس دوران 15 جنوری سے 17 جنوری کے دوران بھی ایک کمزور سسٹم

پاکستان کے کچھ مغربی اور شمالی علاقہ جات میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سبب بنے گا۔خیبرپختونخواہ میں مالاکنڈ، چترال، دیر، کالام، سوات، مالم جبہ اور فاٹا کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری جبکہ دیگر میدانی علاقوں میں تمام مقامات پر ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے، گلیات، ناران، کاغان، شوگران، ٹھنڈیانی اور گلیات کے پہاڑوں پر بہت اچھی برفباری ہونےکا امکان ہے،پنجاب کے شمالی ، جنوبی اور بالائی علاقوں میں تمام مقامات پر جبکہ جنوبی پنجاب کے اکثر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔اس دوران ملکہ کوہسار مری میں انتہائی شدید برفباری کا امکان ہے اور کئی کئی فٹ برفباری ہو سکتی ہے جسکی وجہ سے ہنگامی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے اور انتظامیہ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ تمام انتظامات مکمل کریں اور موثر پلاننگ کریں۔ کشمیر میں تمام مقامات پر اس دوران بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوگی اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، مسلسل بارش اور برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ / ایوالانچ کے واقعات ہو سکتے ہیں. صوبہ سندھ میں اکثر مقامات پر بشمول کراچی ، حیدر آباد سمیت ہلکی بارش ہو سکتی ہے اور اس

دوران بلوچستان سے چلنے والی سائیبرین ہوا ؤ ں کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔صوبہ کے شمالی اور مغربی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے اور وادی کوئٹہ، چمن، خوجک ٹاپ، میختر، زیارت ‘ ڑوب میں شدید برف باری کے امکانات ہیں جبکہ دیگر علاقوں میں موسم بارش کا امکان موجود ہےاور موسم انتہائی سرد رہے گا ، اکثر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے انتہائی کم رہنے کا امکان ہے. گلگت بلتستان کے تمام علاقوں میں بشمول، استور، سکردو،گلگت، ہنزہ، گوجال، شگر ،سوست، خنجراب کے بلند مقامات پر اس دوران شدید برفباری اور میدانی علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں