ماسکو (ویب ڈیسک) روس میں ایک ماں نے پارٹی کے چکر میں اپنے 8 مہینے کے بیٹے کو شراب پلادی، جب بچے کی طبیعت خراب ہوئی تو ماں اسے ہسپتال تو لے کر گئی لیکن ڈاکٹرز کے اصرار کے باوجود بچے کو ایڈمٹ نہیں کرنے دیا ۔ ماں کو پارٹی پر جانا تھا اس لیے وہ بیٹے کو گھر لے گئی جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔برطانوی اخبار ڈیلی
سٹار کے مطابق روسی شہر شے بیکینو سے تعلق رکھنے ندیزدا نامی خاتون نے مبینہ طور پر اپنے 8 ماہ کے بیٹے زخر کو پارٹی پر جانے کے چکر میں شراب پلادی۔ خاتون کے قریبی رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ماں نے بچے کو سلانے کیلئے اسے شراب پلائی تاکہ وہ باہر جا کر پارٹی کرسکے لیکن بچے کی حالت بگڑ گئی۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون 4 بار اپنے ننھے بچے کو ہسپتال لے کر آئی لیکن ڈاکٹرز کے اصرار کے باوجود اس نے بچے کو ہسپتال میں داخل نہیں کروایا۔ ڈاکٹرز نے خاتون کو ایک رات ہسپتال میں داخلے کا کہا لیکن اس نے کہا کہ وہ گھر پر ہی بچے کی دیکھ بھال کرے گی۔ خاتون کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ہسپتال میں رہ کر اپنی پارٹی خراب نہیں کرنا چاہتی تھی اس لیے وہ بچے کو لے کر گھر آگئی۔بچے کی موت 5 جنوری کو واقع ہوئی اور پوسٹ مارٹم کے مطابق شراب پلائے جانے کی وجہ سے بچے کے جسم میں انفیکشن ہوگیا تھا۔ پولیس نے ماں اور بچے کے سوتیلے باپ سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔