اسلام آباد (نیوزڈیسک) : ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل ایک سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہےجس کے بعد پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 7 روپے فی لٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی خام تیل 50 ڈالر فی بیرل سے
بھی کم قیمت پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی دو فیصد کمی آئی ہے۔ برطانوی خام تیل 57 ڈالر 50 سینٹ فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ ایک ماہ کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں 25 فیصد تک کمی ہوئی جس کے بعد اب پاکستان میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے البتہ اس حوالے سےتاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کے پیش نظر وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد ہی اس حوالے سے کوئی حتمی اعلان کیا جائے گا۔