سیاحت، تعلیم یا علاج کی غرض سے سعودی عرب جانے کے خواہشمندوں کے لئے سعودی حکومت نے ویزے کا حصول بے حد آسان بنا دیا ہے۔ تازہ ترین اعلان کے مطابق اب کیٹگیری بی سے تعلق رکھنے والی ٹریول ایجنسیاں بھی سیاحتی ویزہ جاری کر سکیں گی، جبکہ تعلیمی مقاصد اور علاج کیلئے ویزے کے خواہشمندوں کو بھی ان ایجنسیوں کو جانب سے ویزہ جاری کیا جا سکے گا۔
مقامی اخبار ’سبق‘ کے مطابق سعودی کمیشن برائے سیاحت و قومی ورثہ کی جانب سے جدہ میں کیٹگیری بی سے تعلق رکھنے والی ایک ٹریول ایجنسی کو پہلا لائسنزجاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت یہ ایجنسی سیاحتی ویزہ جاری کر سکے گی ۔ لائسنس یافتہ ٹریول ایجنسیوں کی تمام چار گیٹیگریاں اے ، بی ، سی اور ڈی متعدد اقسام کی خدمات فراہم کرنے کی مجاز ہیں، جن میں تفریحی و سیاحتی مقاصد کے لئے فضائی سفر کے ٹکٹوں کی فروخت بھی شامل ہے۔