امریکہ سے گزشتہ روز خبر آئی تھی کہ آئندہ ہفتے امریکی صدرڈونلڈٹرمپ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے جا رہے ہیں۔ اس خبر پر اب سعودی عرب کی طرف سے انتہائی جرا¿ت مندانہ ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ عالمی خبررساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنا مذاکراتی عمل کو تباہ کر دے گا اور خطے میں کشیدگی کے اضافے کا سبب بنے گا۔
سعودی سفیر شہزادہ خالدبن سلمان کی طرف سے جاری اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے تنازعے کے حتمی حل تک پہنچنے سے قبل امریکہ کی طرف سے یہ اقدام انتہائی خطرناک اثرات کا حامل ہو گا۔ سعودی عرب کی پالیسی ہمیشہ سے فلسطینی عوام کی معاونت کے ایجنڈے پر قائم رہی ہے اور اب بھی رہے گی۔ ہم نے امریکی انتظامیہ کو بھی اپنا یہ پیغام پہنچا دیا ہے۔“