خالق نے اس کائنات میں کون کون سی مخلوقات پیدا کر رکھی ہیں، باقی تفصیلات تو درکنار، ان کی تعداد جاننا ہی حضرت انسان کے بس کی بات نہیں۔ آئے روز کوئی نئی مخلوق دریافت ہوتی ہے اور انسانی عقل کو ورطہ حیرت میں ڈال جاتی ہے۔ اب سائنسدانوں نے ایک ایسی مچھلی دریافت کر لی ہے جس میں یہ حیران کن صلاحیت ہے کہ وہ اپنی جنس تبدیل کر سکتی ہے۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ”اس مچھلی کا نام Sheepshead Wrasse ہے جو غیرمتوقع طور پر آن کی آن میں جنس تبدیل کرلینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ مغربی بحرالکاہل میں پائی جاتی ہے اور اس کی لمبائی اوسطاً3.2فٹ ہوتی ہے جبکہ اس کا وزن 14.7کلوگرام تک ہوتا ہے۔ ممکنہ طور پراس کی جنس تبدیل ہونے کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ یہ اپنے خون میں میل اور فی میل دونوں طرح کے ہارمونز داخل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ جو ہارمونز اپنے خون میں داخل کرتی ہے اس کی جنس وہی ہو جاتی ہے۔“رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے اس مچھلی کی ویڈیو بھی بنائی ہے جو چند روز بعد برطانوی نشریاتی ادارے کے پروگرام بلیو پلانٹ II(Blue Planet II)میں دکھائی جائے گی۔