احتساب عدالت میں عدم پیشی ، اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری، نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت اسحاق ڈار عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے اظہار برہمی کیا تو وکیل نے کہا کہ اسحاق ڈار عدالت میں پیش ہونا چاہتے تھے لیکن ان کی طبیعت خراب ہےجس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اسحاق ڈار کو سمن موصول ہوگیا
تھا؟ جس پر ان کے وکیل نے بتایا کہ اسحاق ڈار کو سمن موصول ہوگیا تھا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ اسحاق ڈار کو 25 ستمبر کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری قابل ضمانت ہیں اور وہ 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کراکے ضمانت حاصل کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نے نوازشریف اور انکے بچوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی تھی۔