چہرے کے غیر ضروری اور ناپسندیدہ بال جنہیں Hirsutism بھی کہا جاتا ہے عام طور پر خواتین میں ہارمونز پرابلم کی وجہ سے ہوتے ہیں ۔ماہانہ ایام میں بے قاعدگی ہو تو چہرے اور ہاتھوں کے ساتھ ساتھ ٹانگوں پر بھی غیر ضروری بالوں کی افزائش ہونے لگتی ہے چہرے کے بالوں کو دور یا ختم کرنے کیلئے خواتین بلیچنگ ‘ ویکسنگ‘ تھریڈنگ کا بڑی باقاعدگی سے استعمال کرتی ہیں اور کچھ تو لیزر ٹریٹمنٹ کا سہارا بھی لیتی ہیں ان تمام طریقوں کے باوجود بالوں کا نکلنا رکتا نہیں بلکہ کچھ دنوں کے وقفہ کے بعد ان کی افزائش ہونا شروع ہوجاتی ہے۔تقریباً تمام ہی خواتین کے ہاتھوں اور چہرے پر رؤں کی شکل میں چھوٹے چھوٹے بال ہوتے ہیں ۔
کچھ بال گہرے اور بڑے ہوتے ہیں اور کچھ قدرتی چھوٹی حالت میں اُگتے ہیں چہرہ پر بالوں کا ہونا ہمیشہ سے ہی ناپسندیدہ رہا ہے ان ناپسندیدہ بالوں سے چھٹکارہ پانے کیلئے خواتین ہر قسم کے طریقے آزماتی ہیں لیکن ہوتا یہ ہے کہ ہر بار مختلف طریقے استعمال کرنے کے بعد یہ بال پھر سے اسی شدومد کے ساتھ اُگنے لگتے ہیں چہرے کے ان ناپسندیدہ بالوں کی وجہ سے خواتین پریشان بھی رہتی ہیں اور اسی وجہ سے وہ کہیں آنے جانے اور لوگوں سے ملنے جلنے سے کتراتی ہیں ان میں سیلف کانفیڈنس کی کمی ہونے لگتی ہے اور ان میں سے کئی خواتین تنہائی کا شکار ہوجاتی ہیں جوکہ یقیناًان کی زندگی اور صحت کیلئے نارمل انداز نہیں ۔ کچھ گھریلو اور آزمودہ نسخے ایسے ہیں جن کے باقاعدگی سے استعمال کرنے سے چہرے کے یہ غیر ضروری اور ناپسندیدہ بالوں سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے لیکن شرط مستقل مزاجی کی ہے
*بیسن:
روایتی طور پر گھروں میں بیسن اور ہلدی کا مکسچر اکثر و بیشتر خواتین استعمال کرتی ہیں اور اس کی اہمیت و افادیت سے بھی آگاہ ہیں ان دنوں اجزاء کا ملاپ نہ صرف منہ کے اطراف اور تھوڑی پر اُگنے والے بالوں کا خاتمہ کرتا ہے بلکہ بیسن کے متواتر استعمال سے اسکن ہموار ‘ چمکدار اور بے عیب نظر آتی ہے ہلدی اور بیسن کو ہم وزن لے کر پانی کے ساتھ اس کا پیسٹ تیار کرلیں اور چہرہ پر لگائیں خاص طور پر متاثرہ حصوں پر لگائیں اور پندرہ سے بیس منٹ تک خشک ہونے کے لیے چھوڑ دیں اس کے بعد ایک کپڑے کو نیم گرم پانی میں ڈبو کر گیلا کرکے چہرے پر سے فیس پیک صاف کر لیں آپ دیکھیں گی کہ بیسن کے ساتھ چہرے کے فاضل بال بھی نکل رہے ہیں اس کے علاوہ ہلدی اور بیسن کے مکسچر میں دہی یا ملائی کو ہم وزن شامل کرکے بھی چہرے پر لگا کر مطلوبہ نتائج حاصل کیئے جاسکتے ہیں۔
*چینی :
گھر میں تیار کردہ ویکس سے فالتو بالوں کا خاتمہ جلدی اور تیزی سے ممکن ہے ،ممکن ہے کہ گھرپر ویکس تیار کرنے میں آپ کو کوئی دقت ہو اور دوسرا یہ ویکس ممکن ہے کہ آپ کیلئے تکلیف دہ بھی ہو ،چینی سے بنائے جانے والی ویکس کا استعمال آپ کے لیئے تھوڑا سا دشوار ہو سکتا ہے لیکن اس کا سب سے بڑافائدہ یہ ہوگا کہ آپ کی اسکن انتہائی خوبصورت اور ہموار ہو جائے گی پگھلی ہوئی چینی میں شامل شہد اور لیموں چہرے پر بلیچ کا کام دے گا اور اسکن کو ہموار کرے گا شہد کا باقاعدہ استعمال اسکن کے لیے ہر طرح سے فائدہ مند ہوتا ہے گھریلو ویکس تیار کرنے کے لیے ایک کھانے کا چمچہ چینی میں ایک چائے کا چمچہ شہد اور چند قطرے لیموں کے رس کے ملالیں اس مکسچر کو ہلکی آنچ پر تین سے چارمنٹ تک پکائیں کہ ایک ہموار شکل میں آجائے یہ مکسچر نیم گرم حالت میں چہرے کے ان حصوں پر لگائیں جہاں فالتو بال ہیں سخت کاٹن یا جینز کے کپڑے کی پٹیاں بنالیں اور اس آمیز ے کو لگانے کے فوراً بعد ایک پٹی اس پر رکھیں اور بالوں کے مخالف رخ ایک دم سے کھینچ لیں بال صاف ہوجائیں گے ویکسنگ کا یہ عمل تکلیف دہ تو ضرور ہے لیکن اس کے فوائد دیر پا ہیں۔
*ہلدی:
ہلدی قدرتی ذخائر کا خزانہ ہے کھانوں میں اس کی موجودگی ذیابیطس ‘ بلڈ پریشر اور دل کے امراض کو روکتی ہے ہلدی بیرونی استعمال میں بھی نہایت کارآمد ہوتی ہے یہ نہ صرف رنگت نکھار نے میں مدد دیتی ہے بلکہ یہ بیکٹریا کا بھی خاتمہ کرتی ہے ۔ ہلدی میں بالوں کی افزائش کو روکنے کے قدرتی اجزاء پائے جاتے ہیں اس کے لیے دو کھانے کے چمچہ ہلدی کو پانی کے ساتھ ملاکر ایک پیسٹ تیار کرلیں اور اس فیس پیک کو چہرے کے ان حصوں پر لگائیں جہاں بالوں کو ختم کرنا مقصد ہو بصورت دیگر اسے پورے چہرے پر بھی لگا یا جاسکتا ہے اس فیس پیک کو چہرہ پر دس سے پندرہ منٹ تک لگا رہنے دیں یا اس وقت تک جب تک یہ خشک نہ ہوجائے نیم گرم پانی میں کاٹن کا ایک نرم کپڑا ڈبوکر گیلا کرلیں اور اس کے ذریعے چہرے پر لگا ہوا ہلدی کا فیس پیک صاف کرلیں آپ کا ہاتھ چہرے پر نیچے سے اوپر کی جانب چلنا چاہئے اس عمل سے بال بھی اترتے چلے جائیں گے ہفتہ میں دو سے تین بار یہ عمل کریں اور چند ماہ تک مستقل کرتے رہنے سے نہ صرف آپ کی رنگت میں نکھار پیدا ہوگا بلکہ چہرے کے فاضل بالوں سے بھی ہمیشہ کے لیے نجات حاصل ہوجائے گی۔
ٌ*انڈے کا ماسک:
انڈے کا ماسک بھی چہرے کے فالتو بالوں کو ختم کرنے کیلئے ویکسنگ جیسا ہی کام دیتا ہے یہ بہت آسانی سے گھر پر تیار کیا جاسکتا ہے کیونکہ اس میں شامل کی جانے والی تمام اشیاء باآسانی دستیاب ہوتی ہیں انڈے کا ماسک بنانے کے لیے ایک انڈے کی سفیدی میں ایک کھانے کا چمچہ کارن فلور شامل کرکے اچھی طرح پھینٹ لیں کہ یہ ایک ہموار پیسٹ کی شکل اختیار کرلے اسے چہرے کے متاثرہ حصوں پر لگائیں اور خشک ہونے پر اتار دیں انڈے کے ماسک سے نہ صرف چہرے پر سے غیر ضروری بالوں کا خاتمہ ہوگا بلکہ اس عمل سے اسکن ٹائٹ ہوگی اور اس پر لائنوں اور جھریوں کا بھی خاتمہ ہوگا کوشش یہ ہی کریں کہ یہ ماسک ہفتہ میں دوبار لگائیں دو سے تین ماہ کے عرصہ میں اس کا حیرت انگیز رزلٹ خود آپ کو حیران کردے گا۔