بعض لوگوں کو نیند میں بڑبڑانے یا بولنے کی عادت ہوتی ہے لیکن اب تک کوئی حتمی طور پر نہیں جانتا تھا کہ یہ لوگ زیادہ تر کون سے الفاظ بولتے ہیں۔ اب فرانسیسی ماہرین نے نئی تحقیق میں اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے 232ایسے افراد پر تحقیق کی ہے جنہیں نیند میں بولنے کی عادت تھی۔ انہوں نے طویل عرصے تک ان کی سوتے میں نگرانی کی اور ان کے منہ سے ادا ہونے والے الفاظ نوٹ کرتے رہے اور پھر نتائج میں انہوں نے بتایا کہ ”نیند میں بولنے والے افراد سب سے زیادہ ’نہیں‘ کا لفظ بولتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ لوگ سب سے زیادہ نازیبا، لڑائی جھگڑے والے اور توہین آمیز الفاظ بولتے ہیں۔“
ماہرین نے مزید بتایا کہ ”ان لوگوں کو بولتے میں گالیاں دینے کی جتنی عادت ہوتی ہے اس سے 800گنا زیادہ گالیاں یہ سوتے میں دیتے ہیں۔“ ماہرین نے اس تحقیق میں ان لوگوں کے 3ہزار349الفاظ اور جملے ریکارڈ کیے جو سمجھ آ سکتے تھے۔ ان میں صرف 5فیصد نرمی ، مہربانی اور شفقت پر مشتمل تھے، باقی سب میں لڑائی جھگڑے اور بدکلامی کا عنصر موجود تھا۔ بعض تو سوتے میں مذہبی توہین کے مرتکب بھی ہوئے لیکن ان کی شرح بہت کم تھی۔ زیادہ تر یہ لوگ جس طرح کے فقرے بولتے ہیں اس کی مثال ماہرین نے یہ دی ہے کہ”جھوٹے! اگر تم نے اس پر دستخط نہیں کیے تو میں تمہارے منہ پر تھپڑ ماروں گا۔“ یہ ماہرین کے ریکارڈ کیے گئے فقروں میں سے ایک ہے اور زیادہ تر لوگ اسی نوعیت کے فقرے بولتے ہیں۔