پیشاب کی نالی کی تکلیف دہ بیماری یورینری ٹریکٹ انفیکشن (یو ٹی آئی) کا خدشہ ایک بظاہر ایسی معمولی وجہ سے کئی گنا بڑھ جاتاہے کہ جان کر یقینا آپ حیران رہ جائیں گے۔ یہ انفیکشن ایک ایسے بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتا ہے جو نمی والے ماحول میں خوب پھلتا پھولتا ہے۔ برسات کے موسم میں اس بیکٹیریا کی افزائش نسبتاً زیادہ ہوتی ہے اور خصوصاً جو لوگ چست پتلون پہنتے ہیں وہ اس کا نشانہ سب سے زیادہ بنتے ہیں۔
دی مرر کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ چست لباس پہنے والوں کے جسم پر آنے والا پسینہ خشک نہیں ہو پاتاکیونکہ جسم سے چپکی پتلون کی وجہ سے جلد کو ہوا نہیں لگتی۔ اعضائے رفع حاجت کے اردگرد پسینہ جمع رہنے سے بیکٹیریا زیادہ پھلتے پھولتے ہیں اور ان کے پیشاب کی نالی میں جانے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چست پتلون پہننے والوں کو پیشاب کی نالی کے انفیکشن کا زیادہ خطرہ رہتا ہے۔ اس کے برعکس کھلے اور ڈھیلے ڈھالے لباس کی وجہ سے جسم کو ہواا لگتی رہتی ہے اور پسینہ باآسانی خشک ہوجاتا ہے۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ مسئلہ مردوں کی نسبت خواتین میں زیادہ پایا جاتا ہے کیونکہ عموماً وہ نسبتاً زیادہ چست لباس پہنتی ہیں۔ یوٹی آئی پر تحقیق کرنے والے ڈاکٹر جسمت پال کا کہنا تھا کہ خصوصاً موسم برسات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس موسم میں کوشش کرنی چاہیے کہ کھلا اور ڈھیلا ڈھالا لباس پہنیں اور پسینہ آنے کی صورت میں جلد از جلد لباس کو تبدیل کر لیں۔ عمومی صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔