لندن(ویب ڈیسک) شادی بیاہ پر دولہا دلہن کو تحائف دینے کی روایت دنیا بھر میں موجود ہے۔ گزشتہ دنوں برطانیہ میں بھی ایک جوڑے کی شادی ہوئی جنہیں ان کے ایک انکل نے اچھی خاصی رقم تحفے میں دے دی لیکن اگلے ہی روز فون کرکے دلہن کو ایسی بات کہہ دی کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ دی مرر کے مطابق دلہن نے فیس بک پر یہ واقعہ شیئر کرتے
ہوئے لکھا ہے کہ ”میں اور میرا شوہر شادی کے بعد تحائف کے پیکٹ کھولنے بیٹھے تو ایک پیکٹ میں سے 160پاؤنڈ کا چیک نکل آیا۔ یہ تحفہ میرے شوہر کے ایک انکل اور آنٹی کی طرف سے دیا گیا تھا اور ان کی فیاضی سے میں بہت متاثر ہوئی تھی لیکن چند دن بعد ہی اس انکل کی فون کال آ گئی۔“دلہن لکھتی ہے کہ ”میں نے فون اٹھایا تو انکل نے کہا کہ ’مجھ سے چیک پر رقم لکھتے ہوئے غلطی ہو گئی تھی۔ دراصل میں 16پاؤنڈ لکھنا چاہتا تھا لیکن غلطی سے ساتھ صفر لگ جانے سے 160پاؤنڈ لکھا گیا۔ چنانچہ اب مجھے 144پاؤنڈ واپس کر دو۔‘جب ہم نے یہ واقعہ گھر والوں کو بتایا تو میری ساس اس پر بہت غصے میں آ گئی۔ رقم واپس مانگنے والے انکل میری ساس کے بھائی تھے۔ انکل کی اس حرکت پر مجھے اور میرے شوہر کو بھی بہت غصہ تھا چنانچہ ہم نے ان کی تمام رقم واپس بھیج دی۔“فیس بک صارفین بھی کمنٹس میں اس آدمی کی اس حرکت پر شدید تنقید کر رہے ہیں اور اکثر کا کہنا ہے کہ دولہا دلہن نے تمام رقم واپس کرکے بہت اچھا کیا۔