سعودی ایئر لائن نے پاکستان آنے جانے والی تمام پروازیں معطل کر دیں

ریاض(نیوزڈیسک) پاکستان بھارت میں جنگ کا ماحول بنا پڑا ہوا ہے، مگر اس تناؤ کا اثر دُنیا کے دیگر خطوں پر بھی پڑا ہے۔ ان حالات میں پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ جس کے بعد ’السعودیہ‘ ایئر لائنز کی جانب سے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اعلان کیا گیا ہے کہ ایئر لائن کی جانب سے پاکستان جانے اور آنے والی تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔

سعودی ایئر لائنز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، ملتان اور فیصل آباد جانے یا وہاں سے آنے والے مسافروں کو چاہیے کہ وہ فضائی حدود کھُل جانے کے بعد نئے شیڈول کے حوالے سے جاننے کے لیے قریبی برانچ یا سعودیہ میں موجود ایئر لائنز کے دفاتر سے معلومات لیں۔ دُوسری جانب پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اُن کا سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے ہم منصب کو بھارتی جارحانہ عزائم سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی حکومت سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے سارے خطے کے امن کو داؤ پر لگانے پر تُلی ہوئی ہے۔ اس لیے پاکستان کی جانب سے خطرات بھانپتے ہوئے عالمی برادری کو بھی تمام خدشات سے باخبر رکھا ہے۔ عادل الجبیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کی مودی سرکار جنگی جنون میں مبتلا ہے اور پاکستان کے جوابی حملے کے بعد مکمل طور پر پاگل ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاک فضائیہ کے منہ توڑ جوابی وار کے بعد مودی کی زیر صدارت

بھارت کی سیکورٹی کونسل کا کئی گھنٹے طویل اجلاس ہوا۔ اس دوران مودی نے معاملات کو ٹھنڈا کرنے کی بجائے اپنی الیکشن کی فتح کے حصول کی خاطر ایک ارب سے زائد آبادی کو جنگ میں جھونکنے کا فیصلہ کیا۔پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے بعد مودی نے بھارتی فوج، فضائیہ اور نیوی کو پاکستان پر حملے کی کھلی چھوٹ دے دی ہے۔ اس سے قبل بھارت نے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی تو پاکستان نے آج صبح ہی بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ بھارتی سرکار کی عقل ٹھکانے آ گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں