لاہور(ویب ڈیسک )پاکستانی اداکارہ و معروف ماڈل ایمان علی جو جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ میں جلوے دکھاتی نظر آئیں گی، ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ایمان علی کی شادی شہید میجر عزیز بھٹی کے پوتے بابر عزیز بھٹی سے ہو رہی ہے۔اپنی شادی اور بابر بھٹی سے تعلقات کے حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے ایمان علی نے بتایا کہ ان کے اور
بابر کے تعلقات ڈیڑھ سال قبل استوار ہوئے اور انہوں نے اچانک شادی کا فیصلہ کیا۔ایمان علی کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کا اور بابر بھٹی کا تعلق لاہور سے ہے، تاہم وہ کراچی میں ایک دوست کی سالگرہ پر پہلی بار ملے تھے، جس کے بعد ان میں شناسائی ہوئی۔اداکارہ و ماڈل نے بتایا کہ بابر بھٹی سے تعلقات استوار ہونے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ وہ وہی شخص ہیں جن کی انہیں تلاش تھی، اس لیے اب وہ ان سے شادی کر رہی ہیں۔ایمان علی کے مطابق ان کی والدہ اور بہنیں ان سے کافی وقت سے شادی کرنے کی ضد کرتی رہیں، تاہم انہوں نے ہر بار ان کی ضد کو مسترد کیا، لیکن کچھ عرصہ قبل ہی انہوں نے سب کو شادی کا بتا کر حیران کردیا۔اداکارہ نے بتایا کہ اگرچہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی شادی کی خبریں اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوں تاہم ان کے دوستوں نے ان کی شادی سے متعلق معلومات شیئر کی۔ایمان علی نے شادی کی تقریبات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بہترین کوریو گرافر کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں اور شادی کی تقریبات میں خوب ڈانس ہوگا۔اداکارہ و ماڈل نے بتایا کہ ان کی ٹیم دولہے کی ٹیم کو ڈانس میں شکست دینے کے لیے تیار ہے۔ایمان
علی نے بتایا کہ وہ شادی پر سفید رنگ کا لباس پہنیں گی اور وہ گہرے میک اپ کرنے سے گریز کریں گی کیوں کہ وہ چاہتی ہیں کہ وہ اپنی زندگی کے سب سے اہم دن پر نیچرل نظر آئیں۔ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ شادی کے ایک ہفتے بعد ہی اپنی آنے والی فلم ’ٹچ بٹن‘ کی شوٹنگ شروع کریں گی۔گزشتہ شب ایمان علی کی مایوں کی تقریب میں ان کے قریبی دوستوں سمیت قریبی رشتہ داروں نے بھی شرکت کی۔خیال رہے کہ ایمان علی سے قبل اداکارہ و ماڈل آمنہ بابر نے بھی سادگی سے شادی کی تھی۔آمنہ بابر نے رواں ماہ 18 فروری کو دیرینہ دوست زاہد نون سے شادی کی تھی۔جوڑے نے اپنی شادی کی تقریب کو خفیہ رکھتے ہوئے انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مدعو نہیں کیا۔