لاہور(نیوزڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض کے حق میں آواز اٹھا دی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جنوبی افریقا کے خلاف 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کردیا ، حیران کن طور پر آصف علی اور فاسٹ باﺅلر جنید خان کو ڈراپ کیا گیا جب
کہ حارث سہیل کو انجرڈ ہونے کی وجہ سے باہر رکھا گیا ہے،ایشیاءکپ میں ناقص کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ باﺅلر محمد عامر، آل راﺅنڈر حسین طلعت اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ٹیم میں واپسی ہوئی جبکہ ٹیسٹ سیریز میں بہترین کاکردگی دکھانے والے شان مسعود کو بھی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں سرفراز احمد(کپتان و وکٹ کیپر )، فخر زمان، امام الحق، شان مسعود، محمد حفیظ، شعیب ملک، بابراعظم ، شاہین آفریدی، عماد وسیم ، شاداب خان، حسن علی ،فہیم اشرف ، عثمان شنواری ، محمد عامر ،محمد رضوان اور حسین طلعت شامل ہیں۔ سکواڈ کا اعلان ہونے کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ” جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے لیے نیک خواہشات قومی ٹیم کے ساتھ ہیں ،اگر ہم جنوبی افریقہ کے خلاف 145کلومیٹر کی رفتار سے گیند کرنے والے فاسٹ باﺅلر کی تلاش میں ہیں تو وہاب ریاض کو موقع ملنا چاہیئے“۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا
میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جب کہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جب کہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔