اسلام آباد(نیوزڈیسک) رواں مالی سال کے دوران امریکا نے پاکستان میں 56 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ہے جس کے بعد گزشتہ 10 برسوں میں امریکا کی جانب سے پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کاحجم 1847.3 ملین ڈالر تک پہنچ گیاہے۔امریکا پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کرنے والے 5 بڑے ممالک میں شامل ہیں۔
سرمایہ کاری بورڈ کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے دوران امریکا کی جانب سے پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 56 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیاہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران امریکا نے پاکستان میں 136 ملین ڈالر مالیت کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی۔ مالی سال 2016-17، مالی سال 2015-16، 2014-15 اور 2013-14 میں امریکا نے پاکستان میں بالترتیب 44.6، 13.2، 223.9 اور2012.1 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی۔اسی طرح مالی سال 2012-13، 2011-12، 2010-11 اورمالی سال 2009-10 میں امریکا نے پاکستان میں بالترتیب 227.1، 227.7 ، 238.1 اور468.3 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی۔گزشتہ سال پاکستان میں جاری ہونے والی ایک تازہ جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ رپورٹ پاکستان امریکن بزنس کونسل کی طرف سے کیے گئے ایک سروے کے تناظر میں جاری گی تھی جس میں پاکستان کی سیاسی و اقتصادی صورت حال اور بنیادی ڈھانچے جیسے معاملات کا جائزہ لیا
گیا ہے۔سروے میں حصہ لینے والی 40 فیصد سے زائد کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کی صورت حال کو بہتر قرار دیا تھا جب کہ اس سے قبل کیے جانے والے سروے میں یہ شرح صرف 6 فیصد تھی۔ پاکستان امریکن بزنس کونسل کے مطابق ملک میں امن و امان کی مجموعی صورت حال میں بہتری آئی ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ملک کی اقتصادی پالیسیو ں کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم رکھنا ضروری ہے۔