لاہور (نیوزڈیسک) معروف صحافی عارف نظامی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے لیڈران ضمنی الیکشن میں مہم چلاتے نظر نہیں آتے اور نہ ہی حکومتی مشینری چلتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔جبکہ دوسری طرف پوری پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنا سب کچھ داؤ پر لگا دیا ہے۔ حمزہ شہباز دن رات سعد رفیق کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔اس کے علاوہ شاہد خاقان عباسی
کے لیے بھی مہم جاری ہے اور باہر کے لوگ بھی اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ عارف نظامی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے ایک اصولی موقف اختیار کیا ہے۔انہوں نے امیدواروں کو کہا کہ آپ نے اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑنا ہے۔آپ کو الیکشن جیتنے کے لیے کوئی حکومتی مشینری نہیں ملے گی۔آپ کی مدد کے لیے نہ تو واپڈا آئے گی اور نہ ہی سوئی گیس،، اس لیے اپنی محنت پر الیکشن لڑنا ہے۔ عارف نظامی کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ سمجھیں کہ ضمنی انتخابات سے حکومت الٹ جائے گی تو مجھے نہیں لگتا ایسا کچھ ہو گا۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کے وفد نے پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں بڑی جماعتوں نے ضمنی انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، ملاقات کے بعد میڈیا کو جاری بیان میں نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن ضمنی انتخابات مل کر لڑیں گی، انتخابی مہم میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ دیا جائے گا، تمام حلقوں میں مشترکہ امیدوار لائے جائیں گا اور مشترکہ امیدواروں کی حمائت کی جائے گی، اسلام آباد کے ضمنی انتخابات میں
پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کی حمائت کرے گی، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے امیدواروں کی حمائت کرے گی، سندھ میں (ن) لیگ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی حمائت کرے گی۔