ماسکو میں ایک 17سالہ لڑکے کی آنکھ میں شدید درد رہنے لگا اور وہ اچانک اندھا ہو گیا۔ جب اسے ہسپتال لیجایا گیا تو ڈاکٹروں نے آنکھ کے معائنے کے بعد ایسا انکشاف کر دیا کہ اس کی زندگی ہی اجڑ گئی۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت میکسیکو سٹی میں ماہرین امراضِ چشم نے جب لڑکے کی آنکھ کا معائنہ کیا تو اس میں ایک کیڑے کی موجودگی کا انکشاف ہوا، جو زندہ اور آنکھ کے دیدے کے اندرمائع مواد میں موجود تھا اور اس میں تیرتا پھر رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے فوری طور پرکیڑے کو لڑکے کی آنکھ سے نکالنے کے لیے آپریشن کیا۔ انہیں کیڑے کو نکالنے کے لیے لڑکے کی آنکھ کے ڈیلے کو کاٹنا پڑا۔ ڈاکٹروں نے اس آپریشن میں کیڑا تو باہر نکال لیا لیکن تب تک وہ آنکھ کے آئرس (Iris) اور ریٹینا میں سوراخ کر چکا تھا جس کی وجہ سے لڑکے کی بینائی مکمل طور پر جاتی رہی۔ڈاکٹروں کے مطابق کیڑا تین ہفتے سے لڑکے کی آنکھ میں موجود تھا اور بالآخر اس کے ریٹینا کے اندر سرایت کر گیا۔ لڑکے کا آپریشن کرنے والے ڈاکٹر گوزمین سیلیزکا کہنا تھا کہ ”لڑکے کی آنکھ میں موجود کیڑے کا نام ’ٹریمیٹوڈ‘ (Trematode)ہے جو فلیٹ ورم کی ایک قسم ہے۔یہ کیڑا کچی یا کم پکی ہوئی مچھلی کھانے سے انسانی جسم میں داخل ہو سکتا ہے تاہم یہ انسان کے معدے اورانتڑیوں پر حملہ آور ہوتا ہے۔ اس کا لڑکے کی آنکھ میں داخل ہونا حیران کن اور سمجھ سے بالاتر ہے۔“