ترکی میں بیٹی نے بغیر اجازت شادی کی تو باپ نے فیس بک پر لائیو آکر خود کو گولی مار کر زندگی ختم کرلی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ”ڈیلی میل “کی رپورٹ کے مطابق وسطی ترکی کے علاقے کیسری سے تعلق رکھنے والے 54سالہ ایان اذن نے فیس بک پر لائیو آکر اپنے خاندان کے خلاف باتیں کیں اور اس کے بعد خود کشی کرلی ۔فیس بک لائیو پر گولی مار کر اپنی زندگی ختم کرنے سے پہلے باپ کا کہنا تھا کہ میں آج لائیو سٹریم پر آرہا ہوں اور میر ی وصیت ہے کہ جنہوں نے مجھے ان حالات سے دو چار کیا وہ میرے جنازے پر نہ آئیں ۔انہوں نے بتا یا کہ انہیں ٹیلی فون کال کے ذریعے بیٹی کی منگنی کا پتہ چلا ،میری بیٹی کی منگنی والے دن مجھے فون کر کے کہا گیا کہ آپ بھی آئیں اور دعوت میں شریک ہوں ۔
ایان اذن نے کہا کہ کسی نے مجھ سے اس فیصلے کے بارے میں نہیں پوچھا ،میرے سسر نے کسی حق کے بغیر میری بیٹی کو شادی کی اجازت دے دی ۔انہوں نے کہا کہ میری بیوی نے فون پر بیٹی کی منگنی کی اطلاع دی تو میں نے اس سے پوچھا کہ میرے گھر آکر مجھے کیوں نہیں بتا یا جس پر بیوی نے کہا کہ میں تمہارے گھر نہیں آ سکتی تھی ۔لائیو سٹریم کے دوران ایان اذن کے دوستوں اور رشتے داروں نے کمنٹس کرتے ہوئے درخواست کی کے وہ خود کشی نہ کریں لیکن انہوں نے اس پر توجہ نہ دی اور خود کو گولی مار کر زندگی ختم کرلی ۔