قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو سپاٹ فکسنگ کی پیشکش کرنے والا مبینہ طور پر شارجہ سٹیڈیم کا پاکستانی ملازم نکلا۔ذرائع کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے شخص نے ہوٹل میں سرفراز کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی تھی ۔سپاٹ فکسنگ کی پیشکش پرشارجہ سٹیڈیم کے ملازم کےخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے سرفرازاحمد کو بولنگ چینجز پر سپاٹ فکسنگ کی پیش کش کی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ عرفان نامی شخص شارجہ سٹیڈیم میں گراونڈ سے متعلق امور دیکھتا ہے اور اس نے سرفراز احمد کو یہ پیشکش کی۔ذرائع کے مطابق سپاٹ فکسنگ کی پیشکش پرشارجہ سٹیڈیم کے پاکستانی ملازم عرفان کے خلاف یو اے ای کے قوانین کےمطابق کارروائی کی جائے گی۔
دبئی میں سپاٹ فکسنگ کی پیشکش قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے سے پہلے کی گئی۔ذرائع کے مطابق سرفراز احمد نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے ہی روز اس بات سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا جب کہ انہوں نے لاہور میں ڈائریکٹر سیکورٹی کرنل اعظم کو بھی پیشکش سے متعلق بتادیا تھا۔