اگر آپ آئی فون استعمال کرتے ہیں اور اس پر ٹیکسی کمپنی اوبر کی ایپ بھی انسٹال کر رکھی ہے، یا اسے انسٹال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو یہ ضرور جان لیجئے کہ اوبر ایپ کی صارفین کے ذاتی نوعیت کے ڈیٹا تک رسائی کے متعلق ایک ایسا تہلکہ خیز انکشاف سامنے آ گیا ہے کہ جس نے دنیا بھر کے موبائل صارفین کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔
بزنس انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کی جانب سے اوبر ایپ کو دی گئی حیران کن آزادی کا نتیجہ ہے کہ یہ ایپ آئی فون کی سکرین کو ریکارڈ کرسکتی ہے، یعنی سکرین پر جو چیز بھی دکھائی دے رہی ہے اسے اوبر کی ایپ ریکارڈ کرسکتی ہے، اور یہ ایپ صارفین کی ذاتی نوعیت کی معلومات تک بھی رسائی حاصل کرسکتی ہے، جبکہ صارف کو ان تمام باتوں کی کچھ خبر نہیں ہوتی۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ حیران کن بات ہے کہ اوبر کی ایپ کو کچھ ایسی معلومات تک رسائی کی اجازت بھی دی گئی ہے جو اس سے پہلے کبھی کسی کو بھی ایپ کو نہیں دی گئی، جبکہ صارفین کو اس کے متعلق کچھ نہیں بتایا جاتا۔ سکیورٹی ریسرچر ول سٹرافاک، جو یہ معاملہ پہلی بار سامنے لائے، نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ”کسی تھرڈ پارٹی کمپنی کو صارفین کے حساس نوعیت کے ڈیٹا تک رسائی دینے کی ایسی مثال اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ اس سے پہلے آج تک کوئی بھی ایپ ڈویلپر ایپل کو اس بات پر قائل نہیں کرسکا کہ اس نوعیت کی معلومات تک انہیں رسائی فراہم کی جائے کیونکہ یہ معاملہ بہت حساس نوعیت کا ہے۔“
دوسری جانب اوبر کا موقف ہے کہ ایپل نے اسے صارفین کے کچھ ایسے ڈیٹا تک رسائی کی اجازت دی تھی جسے ایپل واچ کیلئے تیار کی گئی ایپ کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اب اس سہولت کو استعمال نہیں کیا جاتا ہے ، تاہم سکیورٹی تجزیہ کاروں نے اس وضاحت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ آئی فون پر اوبر ایپ استعمال کرنے کی صورت میں اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہے کہ ان کا ذاتی نوعیت کا ڈیٹا محفوظ رہے گا۔