اسلام آباد: (نیوزڈیسک) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے بھارتی پائلٹ محفوظ ہے، واپسی کے معاملے پر کھلے دل سے غور کرسکتے ہیں، حالات کی بہتری کیلئے پاکستان ماضی کی طرح مثبت قدم اٹھانے کو تیار ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت کے عوام کو پیغام دینا چاہوں گا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک
ہے، افواج پاکستان ایک ذمہ دار فوج ہے، ہمیں آداب اور عسکری روایات کا پاس ہے، جنیواکنونشن کے لوازمات سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے پائلٹ بالکل محفوظ ہیں، ان کی ہر قسم کی حفاظت کی جا رہی ہے۔ بھارتی پائلٹ کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حالات کی بہتری کیلئے پاکستان کوئی بھی مثبت قدم اٹھانے کیلئے تیار ہے، پاکستان پہلے بھی مثبت قدم کیلئے تیار تھا، بھارتی پائلٹ کی واپسی کے معاملے پر پاکستان کھلے دل سے غور کرسکتا ہے۔
http://video.dunyanews.tv/index.php/en/mustwatch/105348/Shah-Mehmood-Qureshi-talks-about-returning-Abhinandan-to-India-?jwsource=cl