لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے مئی میں شیڈول ورلڈ کپ سے قبل سینئرکھلاڑیوں کو آرام دے کر کچھ نئے کھلاڑیوں کو آزمانا دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کو حتمی شکل دی جا سکے گی ،ان میچز میں اگر کوئی نیا کھلاڑی بہترین پرفارمنس دکھانے میں کامیاب رہا تو اسے ورلڈ کپ کا ٹکٹ مل سکتا ہے۔ ایک انٹرویو
میں کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جو لڑکے ہمارے ورلڈ کپ پلان میں ہیں انہیں آئندہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں کچھ نئے لڑکوں کے ساتھ موقع دیا جائے گا اور بعض سینئرز کو آرام دیا جاسکتا ہے۔ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کی سیریز میں جس ٹیم کا انتخاب ہوگا وہی ٹیم ورلڈ کپ کھیلے گی، ورلڈ کپ کے 16 کھلاڑی ہی انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں میں شرکت کریں گے۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ نئے کھلاڑی ورلڈ کپ پلان میں شامل ہو جائیں لیکن اس بات کا انحصار آسٹریلیا کی سیریز میں ٹیم کی کارکردگی پر ہوگا۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کی کپتانی ملنے سے پہلے مطمئن تھا کیوں کہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی مجھے بتا چکے تھے کہ آپ ہی کپتان بنیں گے اور یہ اعزاز ملنے کے بعد مجھ پر ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔اپنی کارکردگی کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ میں پانچویں یا چھٹے نمبر پر آئیں،میگا ایونٹ میں اپنی کارکردگی کے ذریعے فرنٹ سے لیڈ کرنا چاہتا ہوں۔