لاس اینجلس (ویب ڈیسک )ہولی وڈ کے معروف سائنس فکشن سپرو ہیرو کردار ’بیٹ مین‘ کے دنیا بھر میں کروڑوں مداح ہیں اور اب تک شائقین اداکار بین ایفلک کو اس کردار میں دیکھتے آ رہے تھے۔تاہم اب اطلاعات ہیں کہ برے لوگوں کو مزے چکھانے والے اس خصوصی طاقت کے حامل ہیرو کا کردار بولی وڈ پگی چوپس پریانکا کے پتی امریکی اداکار نک جونس
نبھاتے نظر آئیں گے۔جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ کامک سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے معروف ادارے ’ڈی سی کامک اور وارنر برادرز‘ کی اگلی ’بیٹ مین‘ فلم میں بین ایفلک ایکشن دکھاتے نظر نہیں آئیں گے۔بین ایفلک اب تک بیٹ مین کا کردار شاندار طریقے سے نبھاتے آ رہے تھے، تاہم اب خبریں ہیں کہ وہ اس کردار کو مزید نہیں نبھا سکیں گے۔اگرچہ تاحال آفیشلی طور پر ڈی سی کامک یا خود بین ایفلک نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وہ آئندہ ’بیٹ مین‘ کا کردار نہیں نبھائیں گے، تاہم اطلاعات ہیں کہ فلم کی ٹیم کسی نئے اداکار کو اس کردار کے لیے کاسٹ کرنا چاہتی ہے۔شوبز ویب سائٹ ’کامک بک‘ نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ فلم کی ٹیم نے ’بیٹ مین‘ کا کردار ادا کرنے کے لیے امریکی گلوکار و اداکار 26 سالہ نک جونس سے رابطہ کیا ہے۔خبریں ہیں کہ بیٹ مین سیریز کی آنے والی فلم میں نک جونس پہلی بار سپر ہیرو کے کردار میں نظر آئیں گے۔فلم کی ٹیم کے مطابق ’بیٹ مین‘ سیریز کی اگلی فلم 2021 تک بنائے جانے کا امکان ہے اور جلد ہی اس کی کاسٹ کا اعلان بھی کردیا جائے گا۔خیال رہے کہ نک جونس نے دسمبر 2018 میں بولی وڈ
اداکارہ پریانکا چوپڑا سے بھارت میں شادی کی تھی۔نک جونس اس سے قبل بھی چند فلموں میں کام کر چکے ہیں، نک جونس ایک درجن سے کم فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔نک جونس کی پہلی فلم 2008 میں ریلیز ہوئی تھی جب کہ ان کی آخری فلم ’جمانجی: ویلکم ٹو جنگل‘ تھی جسے 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا۔رواں برس نک جونس کی 2
فلمیں ریلیز ہونے کا امکان ہے، اگر انہیں ’بیٹ مین‘ کا کردار دیا گیا تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ وہ کسی بڑے ہولی وڈ کردار کو ادا کریں گے۔تاہم فلم کی ٹیم اور خود نک جونس نے اس حوالے سے تاحال کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔بیٹ مین کا کردار 1939 میں پہلی بار کامک بک میں متعارف کرایا گیا تھا اور چند سال بعد ہی اس کردار پر فلمیں بنائی گئیں۔ بعد ازاں اس کردار کو 1960 میں ٹیلی وژن پر بھی پیش کیا گیا۔اس کردار پر پہلی مرکزی فلم ’بیٹ مین‘ 1986 میں بنائی گئی اور اب تک اس کردار کو 15 فلموں میں دکھایا جا چکا ہے۔